طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لئے گرینڈ جرگے کو قومی حمایت حاصل ہے مولانا فضل الرحمان

امن و امان کے سلسلے میں جرگہ کو تمام قبائلی رہنماؤں کی حمایت حاصل ہے، مولانا فضل الرحمان

قبائلی جرگے کا اعلامیہ گورنر خیبرپختونخوا کے سامنے رکھا جائےگا اور اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ ان کی کتنی مدد کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمان۔ فوٹو: فائل

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لئے گرینڈ جرگے کو قومی حمایت حاصل ہے، جرگہ جلد گورنر خیبر پختونخوا سے ملاقات کرکے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گا۔

پشاور میں جے یو آئی (ف) کی جانب سے منعقد کئے گئے گرینڈ جرگے میں قبائلی مشران، فاٹا کے اراکین اسمبلی اور سینیٹرز نے شرکت کی۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امن و امان کے سلسلے میں جرگے کو تمام قبائلی رہنماؤں کی حمایت حاصل ہے اور طالبان کا بھی رد عمل اس سلسلے میں مثبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی جرگہ کا اعلامیہ گورنر خیبرپختونخوا کے سامنے رکھا جائےگا اور اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ ان کی کتنی مدد کرتے ہیں،گورنر کے جواب کے بعد باقاعدہ طور پر حکومت اورطالبان میں بات چیت کا آغازہو گا۔


مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں دوبارہ انسداد دہشت گردی کا بل لانے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کو پہلے ہی مستردکیا جاچکاہے اورموجودہ حالات میں اسے دوبارہ لانے کی کوئی ضرورت نہیں۔

گرینڈ جرگے کے قبائلی مشران کے اراکین نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے فاٹا میں قیام امن ان کی اولین ترجیح ہے، جرگے کے اراکین مشاورت کے لیے فاٹا کے چیف ایگزیکٹیو اور وفاق کے نمائندوں سے گورنرہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story