’’ایکسپریس‘‘ کی خبر کا نوٹس آئی جی نے بچوں کے اغوا سے متعلق رپورٹ طلب کرلی

اسکول وین کے ڈرائیور اورچوکیداروں کے کوائف کی تصدیق کی جائے،دستیاب اسکولوں کی فہرست اپ گریڈ کی جائے

آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مزید ہدایات جاری کیں کہ اسکولوں کے وین کے ڈرائیوروں ، چوکیداروں اور اسکولوں کے دیگر ملازمین کے کوائف کی باقاعدہ تصدیق کا عمل یقینی بنایا جائے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ فیاض احمد لغاری نے روزنامہ ''ایکسپریس'' میں شائع ہونے والی اسکولوں کے بچوں کے اغوا کی خبر کا نوٹس لے لیا۔

انھوں نے حکم دیا ہے کہ اسکول وین کے ڈرائیور ، اسکولوں کے چوکیداروں کے کوائف کی تصدیق کا عمل یقینی بنایا جائے ، اس ضمن میں انھوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود سے تمام تفصیلات طلب کرلی ہیں ، تفصیلات کے مطابق روزنامہ ''ایکسپریس'' نے جمعہ کو اسکولوں کے بچوں کے اغوا کی خبر شائع کی تھی ، گزشتہ روز آئی جی سندھ فیاض احمد لغاری نے مذکورہ خبر کا نوٹس لے لیا اور تشویش کا اظہار کیا ، انھوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود سے تفصیلات طلب کرلیں ، انھوں نے ہدایات دیں کہ زونل ڈی آئی جیز ، صوبائی محکمہ تعلیم اور نجی اسکولوں کی مرکزی ایسوسی ایشن سے رابطہ کرکے اس حوالے سے ان کے پاس دستیاب معلومات و دیگر تحفظات کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا جائے۔




آئی جی سندھ فیاض لغاری نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مزید ہدایات جاری کیں کہ اسکولوں کے وین کے ڈرائیوروں ، چوکیداروں اور اسکولوں کے دیگر ملازمین کے کوائف کی باقاعدہ تصدیق کا عمل یقینی بنایا جائے ، زونل ڈی آئی جیز متعلقہ تھانوں کی حدود میں قائم اسکولوں اور اطراف کے علاقوں میں قائم رہائشی یونٹس کے مالکان اور علاقہ معززین کو اعتمادمیں لے کر تمام عمل مکمل کرائیں جبکہ اس حوالے سے تمام ایس ایچ اوز کو احکام بھی جاری کیے جائیں ،آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ اسکول انتظامیہ اساتذہ اور بچوں کے تحفظ کے ضمن میں اسکولوں کے اوقات میں پولیس کے گشت میں اضافے کے ساتھ ساتھ کڑی نگرانی کے اقدامات کو بھی موثر بنایا جائے ، علاوہ ازیں زونل سطح پر دستیاب اسکولوں کی فہرستوں کو بھی اپ گریڈ کیا جائے تاکہ باہمی رابطوں کے تحت سیکیورٹی کے جملہ امور کو مربوط اور موثر بنایا جاسکے ۔
Load Next Story