چاقو مار کو پکڑنے کی کوشش کرنیوالا شخص ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق

محفوظ کو واٹر ٹینکر نے کچل دیا،ملزم موقع سے فرار، پولیس کی معاملہ دبانے کی کوشش

عائشہ منزل پر چاقو مارنے خاتون کوچھری ماری چیخ و پکار پرمحفوظ نے اس کا پیچھا کیا۔ فوٹو: فائل

چھری مار حملہ آورکو پکڑنے کی کوشش کرنے والا انکم ٹیکس افسر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب کہ چاقو مار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

عزیز آباد تھانے کی حدود عائشہ منزل پر ہفتے کی شام 4 بجے خواتین پر چاقو سے حملہ کرنے والے چھلاوے نے مبینہ طور پر ایک خاتون کو چھری مارکر زخمی کردیا خاتون کی چیخ و پکار سے بھگدڑ مچ گئی اور مارکیٹ میں خوف وہراس پھیل گیا اس دوران ایک شہری بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاقو مارکو فرار ہوتے دیکھ کر اپنا لائسنس یافتہ پستول لے کر ملزم کے پیچھے بھاگا جوبدقسمتی سے تیز رفتار واٹر ٹینکر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا اور اسی اثنا میں چاقو مار ملزم فرار ہوگیا۔

جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت 45 سالہ سید محفوظ علی کے نام سے ہوئی جو لیاقت آباد کے علاقے ایف سی ایریا کا رہائشی اور انکم ٹیکس افسر تھا متوفی کے بھتیجے سجاد علی نے بتایا کہ میرے چچا کے اہل خانہ نے بتایا کہ ہفتے کی شام چچا سید محفوظ علی اہل خانہ کے ساتھ عائشہ منزل پر خریداری کررہے تھے کہ اس دوران ایک شخص نے خاتون کو چاقو مارکرزخمی کردیا انھوں بتایاکہ میرے چچا سید محفوظ علی نے حملہ آورکا تعاقب کیا انھوں نے بتایا کہ میرے چچا کے پاس لائسنس یافتہ پستول موجود تھا۔


چچا ملزم کے تعاقب میں تھے کہ اسی اثنا میں تیزرفتار واٹر ٹینکر کی زد میں آ گئے اور موقع پر ہی دم توڑگئے متوفی کی نماز جنازہ اتوارکو بعد نماز ظہر لیاقت آباد ایف سی ایریا کی جامع مسجد میں ادا کی گئی اور مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا متوفی کے سوگواران میں اہلیہ ، ان کے دو بیٹے اورایک بیٹی شامل ہیں واقعے کے بارے ایس ا یچ او عزیز آباد جمال لغاری سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایاکہ پولیس کو متوفی کا صرف نام معلوم ہوا تھا وہ کیا کرتے تھے اس بارے میں کوئی علم نہیں اور نہ ہی عائشہ منزل پر ہفتے کی شام چاقو سے کوئی خاتون زخمی ہوئی تھی۔

ادھر ایس ایچ او کے مطابق واٹر ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا پولیس نے ٹینکر تحویل میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے انھوں نے مزید بتایاکہ متوفی کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ وہ سوئم سے فارغ ہوکر تھانے آکر قانونی کارروائی کرائیں گے۔

 
Load Next Story