کھجور بازار میں آتشزدگی درجنوں پتھارے اور 4 دکانیں جل گئیں

تاجر کی ہلاکت کیخلاف طارق روڈ اور بہادر آباد کے دکانداروںکا احتجاج،ٹریفک معطل.

تاجر کی ہلاکت کے خلاف طارق روڈ کے دکاندار مارکیٹ بند کر کے احتجاج کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD:
لیاری سے متصل کراچی کے قدیم کھجور بازار میں درجنوں پتھاروں سمیت کھجور کے تھوک کاروبار کی 4دکانیں بھی جل کر خاکستر ہوگئیں۔

دکانداروں کے مطابق مجموعی طور پر لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاک ہوگیا،کھجور مارکیٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حاجی عبداﷲ نے بتایا کہ آگ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نااہلی کا نتیجہ ہے ، مارکیٹ میں بجلی کے پولز سے لاتعداد کنڈے لگے ہوئے ہیں جنھیں ہٹانے کے لیے کے ای ایس سی کو کئی مرتبہ کہا لیکن کنڈے نہیں ہٹائے گئے۔




جمعرات کی شب بھی کنڈے کے تار آپس میں ٹکرانے سے پہلے پتھاروں پر لگے سائبانوں اور ترپالوں میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، دکانداروں کے مطابق آگ لگنے پر فائر بریگیڈ طلب کی گئی تاہم دکانوں میں کرنٹ آنے کی وجہ سے آگ پر قا بو نہیں پایا جاسکا ، موقع پر موجود پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں سے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے عملے کو طلب کرنے کی اپیل کی گئی تاہم کے ای ایس سی کے عملے کو طلب نہیں کیا گیا جس سے آگ پھیل گئی اور دکانداروں کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

طارق روڈ پرجمعرات کی شب گارمنٹ کی دکان کے مالک کی ہلاکت کیخلاف جمعہ کو دکانداروں نے شدید احتجاج کیا،تاجر کی ہلاکت کے خلاف احتجاجاً طارق روڈ اور بہادر آباد کی دکانیں بند رہیں، تاجروں نے لبرٹی چوک پر دھرنا دے کر ٹائروں کو آگ لگادی جس سے ٹریفک معطل ہوگیا تاجروں نے حکومت سے تحفظ فراہم کرنے اور ٹارگٹ کلرز بھتا خوروں کی سرکوبی کیلیے احتجاجی بینرز اور پلے کارڈ اٹھار رکھے تھے۔
Load Next Story