خطے میں پائیدار امن اوراستحکام کیلئے کشمیر کا مسئلہ ناگزیر ہے پاکستان کا امریکا کو پیغام

ریکس ٹلرسن کی وزیراعظم سے ملاقات کا اعلامیہ جاری

ریکس ٹلرسن کی وزیراعظم سے ملاقات کا اعلامیہ جاری- فوٹو: فائل

امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں دونوں ممالک نے مستقبل میں اعلیٰ سطح پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ امریکی وفد کو افغانستان اور خطے میں تعاون اور استحکام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا اور امریکی وزیرخارجہ کو پاک افغان سرحد محفوظ بنانے کے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔


اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے مستقبل میں اعلیٰ سطح پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورت حال اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور کہا گیا کہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے تعاون فراہم کرنا پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں پر ہونے والی مشاورت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان کا امریکا کو پیغام خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے کشمیر کا مسئلہ ناگزیر ہے اور پاکستان پرامن پڑوسی ممالک کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق امریکی وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جب کہ وزیراعظم نے سیکورٹی اور اقتصادی بہتری کے باری میں امریکی وزیرخارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے ساز گار مواقع موجود ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف سب سے بڑا آپریشن شروع کررکھا ہے۔
Load Next Story