دنیا کی کوئی طاقت پاک ایران گیس پائپ لائن بنانے سے نہیں روک سکتی صدر زرداری
صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاک ایران گیس پائپ لائن بنانے سے نہیں روک سکتی۔
لاہور میں سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے بات چیت کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا 1994 میں پاک ایران گیس پائپ لائن تعمیر کرنے کا خیال آیا تھا لیکن اب اس کی اونر شپ پاکستانی عوام لیں۔ صدر مملکت نے کہا اب کوئی ہم سے جمہوری نظام نہیں چھین سکتا، سویلین طاقتیں مضبوط ہونے سے غیر ریاستی اداکار کمزور ہونگے اور ہم کسی حال میں جمہوریت کو پٹڑی سے نہیں اترنے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں یوسف رضا گیلانی انتخابی مہم لیڈ کریں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ میں غلام اسحاق نہیں بنوں گا، عام انتخابات کے بعد جو حکومت بنی اس سے فوری حلف لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حقوقِ بلوچستان پیکج سے بڑھ کر مزید کچھ نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا وہ پنجاب کے صحافیوں سے ہر ماہ ملاقات کریں گے۔