سندھ کے عوام کا احساس محرومی ختم کرینگےغوث علی شاہ

پرانے ساتھیوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا،سینئر ساتھی ریڑھ کی ہڈی ہیں.

پرانے ساتھیوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا،سینئر ساتھی ریڑھ کی ہڈی ہیں. فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر جسٹس ریٹائرڈ سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ اقتدار میں آ کرسندھ کے عوام کا احساس محرومی ختم کیا جائے گا۔

ن لیگ کے سینئر ساتھی سندھ کے مسائل اور عوام کی حالت زار پر کڑی نظر رکھیں تا کہ اقتدار میں آکر کسی تاخیر کے بغیر پارٹی کارکنوں اور عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے، غوث علی شاہ کی رہائش گاہ پر ن لیگ یوتھ ونگ میرپور خاص کے سابق صدر راجہ تنویر احمد کی قیادت میں خواتین ونگ میرپور خاص سٹی کی سابقہ صدر بدرالنسا، سینئر اراکین نواب قریشی، حاجی محمد سلیم عباسی ، وسیم یوسفزئی، سلیم قریشی اور ڈاکٹر عاطف پر مشتمل وفد نے ان سے ملاقات کی اور انھیں تفصیل کے ساتھ میرپورخاص کے عوامی مسائل، ترقیاتی کاموں پر حکومتی عدم توجہ اور میرپور خاص کے نوجوانوں کے روزگار اور تعلیمی مسائل کے ساتھ ساتھ پارٹی کے معاملات سے بھی آگاہ کیا اور پارٹی کے سینئر اراکین کو نظر انداز کیے جانے اور تنظیمی معاملات میں سست روی پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔




غوث علی شاہ نے میرپور خاص سے آئے ہوئے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ ان کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا اور پرانے ساتھیوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائے گا، پرانے اور سینئر ساتھی مسلم لیگ (ن) کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جنھیں ان کا جائز مقام اور مرتبہ ضرو ر ملے گا، نواز شریف پارٹی کارکنوں کے مسائل کے بارے میں بے حد فکر مند رہتے ہیں اس کے ساتھ ہی انھیں سندھ کے ہر باشندے کے دکھ اور مصائب کا احساس بھی ہے، ن لیگ انشا اللہ اقتدار میں آکر سندھ کے عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کا ازالہ کرے گی اس کے لیے پارٹی کارکن ہی سب سے اہم کردار ادا کریں گے۔
Load Next Story