آپ کے پاؤں آپ کے بارے میں کیا کہتے ہیں

پاؤں ہماری صحت کے بہت سے راز کھول دیتے ہیں۔

جسم کے مختلف اعضا آپ کی شخصیت اور صحت کے بارے میں بہت کچھ بتاتے ہیں ؛فوٹوفائل

ہمارے پاؤں ہماری شخصیت کے بہت سے رازوں سے پردہ اٹھاتے ہیں۔

آپ نے اکثر سنا ہوگا کہ جسم کے مختلف اعضا آپ کی شخصیت اور صحت کے بارے میں بہت کچھ بتاتے ہیں۔ یہ بات کسی حد تک درست بھی ہے لیکن پاؤں کو جسم کے دیگر اعضا کے مقابلے میں زیادہ اہمیت حاصل ہے کیونکہ پاؤں ہماری صحت کے متعلق بہت سے راز کھول دیتے ہیں۔

پاؤں کا خشک ہونا



اگر آپ کے پاؤں ہر وقت خشک رہتے ہیں اور موئسچرائزر لگانے کے باوجود خشکی ختم نہیں ہوتی تو یہ خطرے کی علامت ہے۔ پاؤں کا ہروقت خشک رہنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو تھائیرائیڈ جیسی پرابلم ہے۔ تھائیرائیڈ گلے میں سامنے کے حصے میں موجود ہوتے ہیں اورتھائیرائیڈ ہارمون بناتے ہیں جو جسم کے میٹابولزم کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر کسی شخص میں تھائیرائیڈ صحیح طور پر کام نہ کررہے ہوں تو خشکی پورے جسم میں پھیل جاتی ہے، لہٰذا پاؤں کے خشک ہونے کو بالکل بھی نظر انداز نہ کریں اور ایسی صورتحال میں فوراً اپنے معالج سےرجوع کریں۔

پاؤں سے بالوں کاجھڑنا



اگر پاؤں سے بال (رواں) جھڑنا شروع ہوجائیں تو اس علامت کو نظر انداز نہ کریں کیونکہ یہ آرٹیریل بیماری کی علامت ہوسکتا ہے۔ آرٹیریل بیماری میں مبتلا افراد کے پاؤں میں خون کی روانی متاثر ہوتی ہے اور خون کا بہاؤ کم ہوجاتا ہے۔

پیروں کی انگلیوں میں درد



پیروں کی انگلیوں میں درد کا ہونا اس بات کی علامت ہے کہ آپ ''گاؤٹ'' نامی بیماری کا شکار ہوگئے ہیں۔ گاؤٹ دراصل سوزش کی ایک قسم ہے، اس بیماری میں مبتلا مریض کے پیر کے انگوٹھے میں سوجن ہوجاتی ہے جب کہ یہ انگوٹھے کے جوڑوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔ پیروں کی انگلیوں میں درد کو بالکل بھی نظرانداز نہ کریں کیونکہ یہ درد اس بات کی علامت ہو سکتا ہے کہ آپ کے خون میں یورک ایسڈ کی مقدار بڑھ گئی ہے، لہٰذا اس صورت میں فوراً ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔


پیروں پر لال رنگ کی لکیروں کا نمودار ہونا



اکثر اوقات پیروں کے نچلے حصے میں لال رنگ کی لکیریں نمودار ہوجاتی ہیں، یہ لکیریں دل کی تکلیف کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان لائنوں کا مطلب ہوتا ہے کہ جسم میں موجود خون کی وریدوں میں توٹ پھوٹ کا عمل شروع ہوگیا ہے، لہٰذا اگر آپ اپنے پاؤں پر یہ لال رنگ کی لائنیں دیکھیں تو فوراً اپنے دل اور خون کا چیک اپ کروائیں۔

انگوٹھے کے ناخن میں گڑھے کا نمودار ہونا



پیروں کے ناخن میں گڑھا محسوس ہونے کی علامت کو بالکل بھی نظر انداز نہ کریں کیونکہ یہ سوریاسس نامی بیماری کی علامت ہوسکتا ہے۔ اس بیماری میں انسان کی جلد متاثر ہوتی ہے اور جلد میں خارش ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ اس بیماری کی کوئی دوسری علامات ظاہر نہیں ہوتیں لہٰذا انگوٹھے کے ناخنوں پر ننھے گڑھوں کے نمودار ہونے پر فوراً ڈاکٹر کو دکھائیں۔

ناخن پر گہری بھوری لائنوں کا ابھرنا



پیروں کی انگلیوں کے ناخنوں پر ابھرنے والی گہری بھوری لائنیں میلانوما کی علامت ہوسکتی ہیں۔ میلانوما دراصل جلد کے کینسرکی ایک قسم ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر کسی کے ناخنوں پر کالے یا گہرے بھورے رنگ کی لائنیں نمودار ہوجائیں تو اس کا مطلب ہے کہ اس شخص کو فوراً میڈیکل ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہے۔

پاؤں پر زخم بننا



اکثر شوگر کے مرض میں مبتلا افراد کے پاؤں پر زخم بن جاتے ہیں اور یہ زخم صحیح ہونے میں بہت وقت لیتے ہیں۔ یہ زخم ظاہر کرتے ہیں کہ خون میں گلوکوز کی مقدار قابو سے باہر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے نروس سسٹم اور خون کی روانی متاثر ہوتی ہے۔
Load Next Story