برطانوی میڈیا نے رحمن ملک کو ’’کلرفل‘‘منسٹرقرار دیدیا

انکی وجہ شہرت وہ بیانات ہیں جن پرایسے عہدیداروں کی چھٹی ہوجاتی ہے

وہ کابینہ کے واحدممبر ہیں جنھیں پورے 5 سال کوئی ہلا نہیں سکا،دی گارجین فوٹو: فائل

وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کی شہرت اب ملکی حدود سے نکل کر بین الاقوامی میڈیا کی زینت بننے لگی، موقر برطانوی اخبار دی گارجین نے رحمٰن ملک کو کلرفل منسٹر قرار دے دیا۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق کئی پاکستانیوں کے لیے نت نئے ڈیزائنز کی ٹائی لگانے والے رحمٰن ملک ہی حکومت کا اصل چہرہ ہیں۔ رحمٰن ملک کابینہ کے وہ واحد سینئر ممبر ہیں جن کو پورے 5سال کوئی نہیں ہلا سکا۔ رپورٹ کے مطابق رحمٰن ملک نے تباہ کن واقعات پر ایسے تبصروں سے شہرت حاصل کی ہے جن کی بنیاد پر عموماً اس عہدے کے لوگوں کی چھٹی ہو جایا کرتی ہے۔ بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ رحمٰن ملک کو داخلی سیکیورٹی معاملات سے نمٹنے کا کچھ خاص اندازہ نہیں۔




اخبار نے رحمٰن ملک کے اس بیان کا بھی خصوصاً حوالہ دیا جس میں انھوں نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کو کئی ناراض بیویوں اور گرل فرینڈز کے غصے کا نتیجہ قرار دیا تھا۔ اخبار کے مطابق رحمٰن ملک کے بیانات حقائق کے برعکس ہی کیوں نہ ہوں لیکن اپنے انھی بیانات کی بدولت وہ ایک بیوروکریٹ سے ملک کے نامورترین سیاستدانوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
Load Next Story