8 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد پرکھلاڑیوں کے شاندارتبصرے
شعیب ملک نے تمام پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ تیار ہیں؟ ہم اپنے گھر پہنچ چکے ہیں، یہ وقت تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، تسی تیار رہو۔شعیب ملک اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہمراہ لاہور پہنچے ہیں۔
برطانوی نژاد پاکستانی باکسرعامر خان بھی اس موقعے پر بے انتہا خوش ہیں انہوں نے ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاک سری لنکا کا میچ دیکھنے کے لیے لاہور پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے آج رات کے میچ کے لیے پی سی بی کی جانب سے شرٹ کا تحفہ دئیے جانے پر بھی شکریہ ادا کیا۔
محمد حفیظ نے ٹوئٹر پرسری لنکن ٹیم کوخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح نہایت جوش وخروش سے آپ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔
احمد شہزاد نے سری لنکن ٹیم کا پاکستان آمد پرشکریہ اداکیااورکہا پاکستانی اسٹیڈیم میں ایک بار پھر پاک سری لنکا میچ دیکھنا حیرت انگیز احساس ہے۔
کرکٹرعماد وسیم نے بھی سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمدپر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی شائقین کے سامنے میچ کھیلنے کے لیے بالکل بھی صبر نہیں ہورہا، پاکستان زندہ باد۔
قومی کرکٹر کامران اکمل نے 8 سال قبل پاکستان میں سری لنکن ٹیم پر حملے سے متعلق افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا سانحہ تھاجس کے باعث ایسا محسوس ہونے لگا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ ہم سے دور چلی جائے گی۔ تاہم سات آٹھ سال بعد پاک الیون کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم پاکستان آئی اوراب وہ ہی سری لنکن ٹیم ہے انشا اللہ یہ ٹی ٹوئنٹی میچ کامیاب ہوگا۔ ہم سری لنکا کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں اگر یہ میچ خیر خیریت سے گزر گیا تو مزید بین الاقوامی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ویڈیو پیغام میں سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد پر بہت زیادہ خوش اور پرجوش ہیں۔ انہوں نے سری لنکا کی ٹیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں گے۔ آج پاکستان میں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔