جنوبی افریقہ نے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اشارہ دیدیا

پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال بہتر نہ ہونے کے سبب پلیئرز کا جانا انتہائی مشکل ہے، جنوبی افریقی آفیشل

مجھے نہیں لگتا کہ ہماری ٹیم وہاں جائے گی،مائیکل اوون اسمتھ. فوٹو: فائل

کرکٹ جنوبی افریقہ نے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا اشارہ دے دیا۔

ایک آفیشل کے مطابق وہاں کی سیکیورٹی صورتحال بہتر نہ ہونے کے سبب پلیئرز کا جانا انتہائی مشکل ہے، میچز کے نیوٹرل وینیو کا فیصلہ پی سی بی ہی کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کو اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے، مگر ملتوی شدہ سپر لیگ کیلیے پلیئرز کو ریلیز نہ کرنے کے بعد اس بات کا امکان انتہائی معدوم ہے کہ اسکواڈ کو بھیجا جائے۔




اس حوالے سے سی ایس اے کے ایگزیکٹیو کنسلٹنٹ مائیکل اوون اسمتھ نے سنچورین میں نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال میں کوئی ڈرامائی تبدیلی نہیں آئی، اب بھی وہاں کافی مسائل ہیں، گوکہ ابھی سیریز میں کئی ماہ باقی ہیں مگر مجھے نہیں لگتا کہ ہماری ٹیم وہاں جائے گی، یہ سیریز کسی تیسرے ملک میں ہی ہوسکتی ہے، اس سوال پر کیا کہ جنوبی افریقہ کوئی صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے کسی سیکیورٹی وفد کو پاکستان بھیجے گا انھوں نے کہا کہ اس کا کوئی امکان نہیں ، وہاں کے حالات کا سب ہی کو علم ہے، کھلاڑیوں کو بھی ٹور کرتے ہوئے شدید تحفظات لاحق ہوں گے۔

آپ پلیئرز ایسوسی ایشن سے پوچھیں تو مزید تفصیلات کا بھی علم ہو جائے گا، اس سوال پر کہ کیا یو اے ای میں سیریز ہو گی، مائیکل اوون اسمتھ نے کہا کہ چونکہ پی سی بی میزبان ہے لہذا یہ فیصلہ اسی کو کرنا ہو گا، ہم ماضی میں بھی پاکستان کے ساتھ وہاں سیریز کھیل چکے اور اس بار بھی اپنا اطمینان کرنے کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی بورڈ بھی میچز کے دبئی اور ابوظبی میں انعقاد کا ذہن بنا چکا اور مناسب وقت آنے پر اعلان کر دے گا۔
Load Next Story