حج وعمرہ زائرین کیلیے پاکستان میں ہی فنگر پرنٹس کی لازمی پابندی

سعودی حکومت کا اقدام، ساڑھے 600 روپے فیس لی جائیگی، فنگر پرنٹس کیلیے لمبی قطاریں لگ گئیں

3 شہروں میں فنگر پرنٹس کی سہولت سے پیکیج مہنگا ہو جائیگا، ٹور آپریٹرز، فیصلے کیخلاف احتجاج کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

سعودی حکومت نے حج اورعمرہ زائرین کے ویزوں کیلیے پاکستان میں ہی فنگر پرنٹس کی لازمی پابندی لگادی۔

سعودی سفارتخانے نے عمرہ و حج زائرین کے لیے اعتماد نامی ادارے سے پاکستان ہی میں فنگر پرنٹس لینے کی پابندی لگا دی ہے جس کے باعث کراچی،لاہوراور اسلام آباد میں فنگر پرنٹس کرانے والے عمرہ زائرین کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اس سلسلے میں فی عمرہ زائر ساڑھے 600 روپے فیس لی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ اب تک ڈیڑھ لاکھ عمرہ زائرین بغیر فنگر پرنٹس کے ہی سعودی عرب جاچکے ہیں۔ فنگرپرنٹس لازمی کرنے کے عمل سے پاکستانی زائرین کو مشکلات کے ساتھ ساتھ وقت اور پیسوں کا بھی مسئلہ پیش آرہا ہے۔

اس حوالے سے عمرہ ٹوور آپریٹرز نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے اس سال20 لاکھ عمرہ زائرین کا ٹارگٹ ہے۔ فنگر پرنٹس لینے والی اعتمادنامی کمپنی بھارتی اورسعودی شہزادے کی مشترکہ کمپنی ہے اس سے پاکستانی ڈیٹا غیر محفوظ ہوجائے گا۔


ٹورآپریٹرز کا کہنا تھا کہ انھیں یہ یقین دہانی بھی نہیں کرائی جارہی کہ پاکستان میں فنگر پرنٹس ہونے کے بعد سعودی عرب میں دوبارہ نہیں کرائے جائیں گے۔ملک بھرمیںصرف تین شہروں میں فنگرپرنٹس کی سہولت دی گئی ہے جس سے لوگوں کو دوردراز کا سفرکرنا پڑے گا اورعمرہ پیکیج مہنگا ہو جائے گا۔

دوسری جانب عمرہ زائرین کے لیے بائیومیٹرک سسٹم پر عملدرآمد شروع ہوگیا، بائیو میٹرک سسٹم کے بغیرعمرہ زائرین کے ویزے نہیں لگ سکیں گے، بائیومیٹرک سسٹم کے اعلان کے بعد عمرہ زائرین اور ٹورآپریٹرز کے درمیان چپقلش شروع ہو جائے گی کیونکہ ٹورآپریٹرز عمرہ پرجانے والوں سے پیکج کے حوالے سے معاملات طے کرچکے ہیں بعض نے سعودی عرب میں ہوٹلز سے معاہدے کرلیے ہیں اور ایئر لائنوں سے بکنگ بھی کرالی ہیں حکومت نے بائیومیٹرک سسٹم کے حوالے سے پیچیدہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی تیاریاں نہیں کی ہیں اورعمرہ زائرین کو بائیومیٹرک سسٹم کی شرط کو پورا کرنے کے لیے سندھ کے دوردراز علاقوں سے کراچی آنا پڑے گا جبکہ عمرہ زائرین اور ٹور آپریٹرز دونوں کو پریشانی کا سامنا ہے ٹورآپریٹرز نے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ کراچی میں آج پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا

ادھر سعودی حکومت نے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کیلیے بائیو میٹرک سسٹم کو 30 اکتوبر سے لازمی قرار دے دیا ہے ، سعودی حکومت نے جس نجی کمپنی کی خدمات حاصل کی ہیں اس کے سندھ میں دو مراکز صرف کراچی شہر میں موجود ہیں سعودی حکومت نے چند ماہ قبل بھی بائیومیٹرک سسٹم کو متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا لیکن بعدازاں اس پر عملدرآمد روک دیا تھا اب سعودی اعلان سے عمرہ زائرین اور حج و عمرہ کمپنیوں میں تشویش کی لہر دوڑگئی ہے۔

ٹورآپریٹرز نے کہا ہے کہ عمرہ پر جانے والوں سے پیکج کے حوالے سے معاملات طے پاچکے ہیں بعض نے سعودی عرب میں ہوٹلز سے معاہدے کرلیے ہیںاور ایئرلائنوں سے بکنگ بھی کرالی ہیں، واضح رہے کہ پاکستان سے ماہ رمضان، شعبان، رجب اور ماہ ربیع الاول میں عمرہ پرجانے والوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔
Load Next Story