سہراب گوٹھ پر فائرنگ 3 افراد جاں بحق رینجرزاہلکاروں سمیت متعدد زخمی

پولیس کی بھاری نفری سہراب گوٹھ اور سپر ہائی وے پہنچی اور حالات پر قابو پاکر سپر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی بحال کردی۔

علاقے کی کشیدہ صورتحال کے باعث امدادی ٹیموں کو زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں دشواری کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ فوٹو: ایکسپریس

سہراب گوٹھ، عباس ٹاؤن اور انچولی سمیت کئی علاقوں میں فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ کے نتیجے میں3 افراد جاں بحق اور رینجرز اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ اس دوران مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کو بھی آگ لگادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سہراب گوٹھ کے قریب سانحہ عباس ٹاؤن میں جاں بحق افراد کی تدفین کے بعد واپس آنے والے افراد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد کشیدگی نے عباس ٹاؤن، انچولی، سمن آباد اور گلبرگ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور نامعلوم افراد نے مورچہ بند ہوکر فائرنگ شروع کردی جس کے باعث 5 رینجرز اہلکاروں سمیت مزید کئی افراد زخمی ہوگئے۔ اس دوران مشتعل افراد نے سپر ہائی وے پر کھڑے 2 ٹرک اور ایک بس سمیت 6 گاڑیوں کو بھی آگ لگادی اور ایک ایمبولینس کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔


عباسی شہید اسپتال میں 3 لاشیں اور 13 زخمیوں کو لایا گیا جبکہ جناح اسپتال میں 4 زخمیوں کو لانے کی تصدیق ہوئی، اس کے علاوہ زخمی رینجرز اہلکاروں کو سی ایم ایچ ملیر میں منتقل کیا گیا۔

کشیدگی کے کئی گھنٹے بعد پولیس کی بھاری نفری سہراب گوٹھ اور سپر ہائی وے پہنچی اور حالات پر قابو پاکر سپر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی بحال کردی۔

Recommended Stories

Load Next Story