کسی کو اچھا لگے یا برا فلم کیلئے ڈریسز خود منتخب کرتی ہوں بپاشا باسو

اپنی پسند سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے،ہمیشہ من مانی کرتی ہوں،فیشن ڈیزائنر کی بجائے خودلباس منتخب کرنے پر تنقید۔۔۔

فلم آتمامیں میرا کردارمنفرد ہے، نئی فلموں میں اچھوتے انداز میں پرفارم کرکے شائقین کی توجہ کا مرکز بنوں گی، اداکارہ۔ فوٹو : فائل

بھارتی اداکارہ بپاشا باسو نے کہاہے کہ کسی کو اچھالگے یا برا فلم کے لیے فیشن ڈیزائنر کے بجائے اپنی پسند کے پہناوے پسند کرتی ہوں۔

ادکار بپاشا باسو نے اپنی تازہ گفتگو میں کہا کہ اپنی پسند کے کپڑوں کا انتخاب کرنے میں فیشن ڈیزائنر کی رائے نہ لینے پر فیشن ڈیزائنر مجھے تنقید کا نشانہ بھی بناتے ہیں کہ میں ہمیشہ اپنی من مانی کرتی ہوں اور ہمیشہ فٹنگ والے ملبوسات کا انتخاب کرتی ہوں۔اداکارہ نے کہاکہ فیشن ڈیزائنر کی بجائے ان کے انتخاب پر کی گئی تنقید انھیں سخت ناگوار گزرتی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ وہ کسی کی اس معاملے میں پروا نہیں کرتی جو پہناوا ان کے نزدیک مناسب ہوتا ہے وہ ان کا انتخاب کرتی ہیں اور وہ اس بات میں کوئی مضحکہ نہیں سمجھتی کیونکہ ان کے لیے ان کی اپنی پسند سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

دوسری طرف بپاشا کی فلم ''آتما''کے پہلے گانے ''آ جا نندیا''کی وڈیو جاری کر دی گئی ہے۔گانے کی موسیقی سنگیت اور سدھارتھ ہلدی پور نے ترتیب دی ہے جب کہ سنگیت نے خود اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ جب کہ فلم 22 مارچ کو ریلیز کی جائے گی ۔بپاشاباسوکا کہناہے کہ میرا چہرہ خوف کی علامت بن چکا ہے ۔انھوں نے کہا کہ فلم آتماکی کہانی ماں اور بیٹی کے گرد گھومتی ہے۔ بچی کے والد کا انتقال ہو چکا ہے لیکن اس کی نظر میں اس کا باپ زندہ ہے کیونکہ اس کی روح مسلسل اس کے گرد کی منڈلاتی نظر آتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سنسنی خیزی پر مبنی فلمیں بھی انٹرٹینمنٹ کا ذریعہ ہیں اور اگر عوام انھیں پسند کرتے ہیں تو ہمیں ایسی فلمیں بنانے سے گریز نہیں کرنا چاہیے ۔انھوں نے کہا کہ وہ جتنی ہارر فلموں میں کام کرچکی ہیں ان سب میں ان کا کردار مختلف ہے، انھوں نے کہا کہ فلم ''آتما'' میں میرا کردار کافی منفرد ہے اور شائقین اسے پسند کریں گے۔ ہر طرح کا کردار نبھانا چاہتی ہوں ۔ نئی فلموں میں اچھوتے انداز میں پرفارم کرکے شائقین کی توجہ کا مرکز بنوں گی ۔انھوں نے کہا کہ رواں سال نئی فلموں میں مختلف کرداروں کی بھرمار ہے ،تین فلمیں جلد ریلیز ہونگی ،ان میں ماضی کی نسبت ذرا مختلف پرفارم کیا ہے۔ آنیوالی فلموں میں سیکوئل بھی ہیں اور منفرد آئیڈیاز پر بھی کام کیا گیا ہے۔




انھوں نے بتایا کہ ماڈلنگ کے شعبے میں بھی کام کرتی رہوں گی۔ اور فٹنس کے لیے نئی سی ڈی پر اچھا رسپانس ملنے کے بعد اب اس سلسلے کو بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوئی ہے ۔سہیل خان کی نئی فلم میں اہم کردار نبھارہی ہوں ۔انھوں نے کہا کہ یہ اداکاراؤں کا وقت ہے اور لیڈی کردار وں کو اہمیت ملی ہے۔ انھوں نے کہا کہ لیڈی رول نے وقت کی تبدیلی پر اہمیت حاصل کرلی ہے ۔

اس حوالے سے ''ڈرٹی پکچرز''بھی ایک اہم فلم تھی اور پھر میری چند فلموں ''جسم'' اور ''راز'' نے فلموں میں خواتین کے کردار کو نئے انداز سے اجاگر کیا ہے، اب اداکاراؤں کے فلموں میں مرکزی کرداروں کوپسند کیا جانے لگا ہے۔انھوں نے کہا کہ عورتوں کی مرکزیت کے حامل کرداروں کو اب اہمیت ملتی رہے گی۔ بنگالی ساحرہ بپاشا باسو رواں سال کئی نئی فلموں میں جلوہ گرہونگی ،ان میں سہیل خان کی فلم میں اداکارہ سلمان خان کی ہیروئن بھی بنیں گی ،فلم ''آتما ''اور ''نو انٹری میں انٹری ''میں بھی اہم کردار ہے۔

اداکارہ کا سلمان خان گروپ میں شامل ہونا نئی تبدیلی ہے ۔ کا کہنا ہے کہ وہ وکرم بھٹ کی نئی سائنس فکشن فلم میں کردار نبھانے کے لیے تیار ہیں ۔انھوں نے کہا کہ فلمی کرداروں کی ورائٹی کے حوالے سے بہت کام کیا ہے اور ہر طرح کاکردار نبھانے کے مواقع میسر آئے ہیں۔ادھر ہدایتکار وکرم بھٹ کا کہنا ہے کہ بپاشا باسو واحد اداکارہ ہیں جو نئے تجربات کے لیے تیار رہتی ہیں اور ہر طرح کا کردار نبھانے کی کوشش کرتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اداکاراؤں کا یہ رویہ بہت اچھا ہوتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ بپاشا کے ساتھ ایک عمدہ فلم بنانے میں کامیاب رہوں گا۔

وکرم بھٹ نے کہا کہ بپاشا نے کئی طرح کے کردار نبھائے ہیں اور اس حوالے سے ان کا تجربہ زیادہ ہے۔ حال ہی میں فلم ''راز تھری'' کے دوران اداکارہ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ انھوں نے کہا کہ بپاشا باسو ایک مکمل اداکارہ ہیں ۔میں سمجھتا ہوں کہ میری آنیوالی فلم میں جو کردار فلمانے جارہا ہوں وہ صرف بپاشا باسو ہی کر سکتی ہیں۔ قبل ازیں وکرم بھٹ نے بپاشا کے ساتھ فلم ''اعتبار '' اور ''فٹ پاتھ'' بنائی تھی ۔7 جنوری 1979 کو دہلی کے بنگالی گھرانے میں پیدا ہونے والی 34سالہ اداکارہ نے فلمی کیرئیر کا آغاز 2001 میں ہندی فلم ''اجنبی'' سے کیا۔

اس سے قبل ماڈلنگ کے شعبے میں اداکارہ اپنی ساکھ بنانے میں کامیاب ہوچکی تھیں۔ بپاشا نے متعدد تلگو ،بنگالی، اور تامل فلموں میں بھی کام کرکے اپنی پرفارمنس کا لوہا منوایا ہے۔ اداکارہ کے فلم جسم کے کو اسٹار جان ابراہم سے بھی دوستی کے چرچے رہے ۔تاہم 2011 میں یہ مراسم بھی نہ رہے۔ اداکارہ کو برطانوی جریدے ''ایسٹرن آئی'' نے سال 2011 اور 2012 کی ایشیا کی پرکشش ترین خاتون بھی قرار دیا۔ اداکارہ اب تک35 کے قریب ہندی فلموں میں جلوہ گر ہونے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں ۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ بپاشا کی پرفارمنس نے شائقین کو گرویدہ بنالیا ہے۔
Load Next Story