اب اگر شب خون مارا گیا تو پھر پاکستان کے دن گنے چنے ہی ہوں گے نواز شریف

انتخابات کے ذریعے ہی ملک میں اچھا وقت آئے گا اورعوام ملک کے لئے بہتر شخص کو ووٹ دیں، نواز شریف

اپنے دور حکومت میں سندھ میں امن و امان کے قیام کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، نواز شریف. فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات ضرور ہوں گے اور اپنے وقت پر ہوں گے کیونکہ جمہوریت ہی ملک کی بقا کا واحد حل ہے اب اگر شب خون مارا گیا تو پاکستان کے دن گنے چنے ہی ہوں گے۔

رائے ونڈ میں حاجی لشکری رئیسانی اور پیپلز پارٹی کوہستان کے صدرسعید احمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کراچی میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام جاری ہے اور کوئی روکنے والا نہیں، کراچی میں جلتی عمارتوں کامنظر پوری قوم نے دیکھا صرف حکمرانوں کو نظر نہ آیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومتی رویوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اگر وزیر داخلہ کو دہشت گردی کی قبل ازوقت اطلاع تھی تو حفاظتی انتظامات کیوں نہیں کئے گئے۔

صدرمسلم لیگ(ن) کا کہنا تھا کہ کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ہیں جن کے دہشت گردوں نے 100، 100 قتل کئے ہیں لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں سندھ میں امن و امان کے قیام کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور اپنے اتحادیوں سے تعلق توڑ لیا۔


نواز شریف کا کہنا تھا کہ نگران وزارت عظمیٰ کے لئے دو نام ہمیں اور دو نام حکومت کو تجویز کرنے ہیں۔ پاکستان کے لئے غیر جاندارانہ نام کسی بھی جانب سے آئے تو اسے قبول کرلینا چاہئے۔ انتخابات ضرور ہوں گے اس سلسلے میں ہمیں اپنی نیت ٹھیک کرنا ہوگی، انتخابات کے ذریعے ہی ملک میں اچھا وقت آئے گا، عوام ملک کے لئے بہتر شخص کو ووٹ دیں۔ جن سیاسی جماعتوں نے زرداری صاحب کے ساتھ اتحاد کیا عوام ان سے پوچھیں گے کہ انہوں نے قوم کو کیا دیا۔ ہمیں اپنی سیاست سے زیادہ یہ ملک عزیز ہے اگر وہ صدر زرداری کی جگہ ہوتے تو کبھی بھی ان اتحادوں کو حکومت پر ترجیح نہ دیتے۔

پریس کانفرنس کے دوران حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے برسر اقتدار آکر محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن پر عمل نہیں کیا جس سے وہ پارٹی قیادت سے دور ہوئے،اب مسلم لیگ(ن) ان کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی انداز سے ہی حل کیا جاسکتا ہےاور یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ آج بلوچستان میں ان کے بھائی نواب اسلم رئیسانی کی حکومت نہیں گورنر راج ہے لیکن پھر بھی تشدد زدہ لاشیں، لاپتہ افراد اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کم ہونے کے بجائے بڑھی ہیں ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کسی دہشت گرد کو اسلحہ لائسنس جاری نہیں کیے ۔ بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی میں ملوث افرادکووفاقی وسندھ حکومت نےاسلحہ لائسنس دیے۔ سپریم کورٹ نے رحمان ملک کو جھوٹا قرار دیا وہ ان کی باتوں پر یقین نہیں کرتے۔
Load Next Story