ڈرون حملوں سے متعلق امریکی اخبارمیں شائع ہونے والی خبربے بنیاد ہے آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے قبائلی علاقوں میں فروری کے مہینے میں کوئی ڈرون حملہ نہیں کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے رواں سال 6 اور 8 فروری کو جنوبی اور شمالی وزیرستان میں کوئی کارروائی یا ڈرون حملہ نہیں کیا، ترجمان نے اس حوالے سے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے متعلق کہا کہ اس طرح کے الزام حقائق کو چھپانے اور پاکستان کی ڈرون حملوں کے خلاف پالیسی کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔
واضح رہے کہ نیو یارک ٹائمز میں آج ایک خبر شائع ہوئی جس میں 3 اعلیٰ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ امریکا نے جنوری کے بعد پاکستان میں کوئی ڈرون حملہ نہیں کیا، ہوسکتا ہے کہ یہ حملے پاکستان نے خود ہی کئے ہوں۔ امریکی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ دونوں حملے پاکستانی افواج نے خود کئے ہوں اور پاکستانی عوام کی تنقید سے بچنے کےلئے چھپا رہے ہوں۔