این آر او پر یقین نہیں رکھتے احسن اقبال

عمران کے حامی اعلیٰ تعلیم یافتہ لیکن غلیظ گالیوں میں سب سے آگے ہیں، وفاقی وزیر

وفاقی وزیرداخلہ کی پشاورمیں پریس کانفرنس‘یہکال میں نادرامیگاسینٹرکاافتتاح کیا۔ فوٹو : اے پی پی

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ این آر او کی باتیں بے تکی ہیں ہم این آر او پر یقین نہیں رکھتے۔

تہکال پشاور میں نادرا کے میگاسینٹر کے افتتاح کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم این آر او پر یقین نہیں رکھتے، یہ سب باتیں بے تکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری کے بغیر الیکشن آئینی اور سیاسی مسائل پیدا کر سکتا ہے، مردم شماری حکومت اور فوج نے مل کر کی ہے اس لیے اس پر عمل بھی ہونا چاہیے۔


احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کی کردار کشی کا نیا ٹرینڈ متعارف کیاہے،پی ٹی آئی کے پڑھے لکھے نوجوان سوشل میڈیا پر گالیاں دے رہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ پاناما لیکس میں نواز شریف کے علاوہ کسی کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی،احتساب عدالت کیس کی رینجرزاپنی انکوائری کر رہی ہے اس میں جو بھی ملوث ہوگااس کے خلاف محکمانہ کاروائی ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کے چیلنج سے کامیابی کے ساتھ نمٹ رہے ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں خیبرپختونخوا نے دیں۔ انھوں نے کہا کہ صبح شام کرپشن کرپشن کا پرچار کیا جا رہا ہے،خطے میں سب سے کم کرپشن پاکستان میں ہے،چند لوگ سیاست کیلیے پورے ملک کے منہ پر سیاہی مل رہے ہیں، بعض حلقے الیکشن کے حوالے سے ابہام پیداکررہے ہیں لیکن ہمیں آگ سے نہیں کھیلنا چاہیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہورہے ہیں ،این ایچ اے اور ہاہر ایجوکیشن جیسے شعبے پختونخوا میں توجہ سے کام کررہے ہیں،فاٹا یونیورسٹی کے بعد اب اس کی مزید شاخیں قائم کی جارہی ہیں، چین کے اشتراک کے ساتھ فائبر آپٹیکل بچھائے ہیں،سی پیک کی صورت میں پاکستان کو خطے میں مرکزی اہمیت حاصل ہو گی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ سرکلر ریلوے پشاور کا منصوبہ سی پیک میں کیا گیا ہے۔
Load Next Story