قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کراچی ڈولفنز نے لاہور ایگلز کے پر کتر دیے

103رنز سے فتحیاب، زیبراز نے لائنز کو 92رنز سے شکار کرلیا، فخر کے 141رنز، حیدرآباد نے کوئٹہ کو 150رنز سے ٹھکانے لگادیا۔

ملتان نے بہاولپورکو 7 وکٹوں سے پچھاڑ دیا، راولپنڈی نے اسلام آباد کو66 رنز سے ٹھکانے لگایا، پشاور ،ایبٹ آباد کے سامنے بے بس، 45 رنز سے شکست۔ فوٹو : فائل

قومی ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی کی دونوں ٹیمیں افتتاحی معرکوں میں سرخرو رہیں۔

زیبراز نے لاہور لائنز کو 92 اور ڈولفنز نے لاہور ایگلز کو 103 رنز سے پچھاڑا، راولپنڈی ریمنز نے اسلام آباد لیپرڈز کا 66 رنز سے صفایا کیا، بہاولپور اسٹیگز کو ملتان اور کوئٹہ بیئرز کو حیدر آباد کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایبٹ آباد فالکنز نے پشاور پنتھرز کو ٹھکانے لگا دیا۔ تفصیلات کے مطابق میر پور اسٹیڈیم میں لاہور لائنز نے ٹاس جیت کر کراچی زیبراز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے زیبراز نے 6 وکٹ پر314 رنز بنا ڈالے، فخر الزمان نے141 اور فیصل اقبال نے78 رنز کی ناقابل شکست اننگز تراشی،رضا علی ڈار 3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

ہدف کے تعاقب میں لائنز کی ٹیم44.3 اوورز میں222 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اظہر علی 51 ، فہد الحق40 اور عثمان صلاح الدین34 کیساتھ نمایاں اسکورر رہے، رومان رئیس اور مصباح خان نے 3,3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں کراچی ڈولفنز نے لاہور ایگلز کو103 رنز سے ہرایا، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے3 وکٹ پر309 رنز بنائے، سعید بن ناصر 74 رنز پر ناقابل شکست رہے، سرفراز احمد نے76 ، خالد لطیف نے64، شاہ زیب حسن نے63 رنز بنائے، حافظ سلمان نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔




لاہور ایگلز کی ٹیم مقررہ اوورز میں9 وکٹ پر206 رنز ہی بنا سکی، جہانگیر مرزا83 ، عدنان رسول36 اور محمد ارشاد نے ناٹ آؤٹ 32 رنز بنائے، محمد سمیع نے 3 بیٹسمینوں کو آؤٹ کیا، بابر رحمان کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ بینظیر بھٹو اسٹیڈیم گڑھی خدا بخش میں حیدرآباد ہاکس نے کوئٹہ بیئرزکو150 رنز سے ٹھکانے لگایا، فاتح ٹیم نے کے ان فارم بیٹسمین رضوان احمد اور عظیم گھمن کی سنچریوں کی بدولت 2 وکٹ پر260 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، شرجیل خان نے49 بنائے۔ کوئٹہ بیئرز کے بیٹسمینوں کی کاشف بھٹی کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ایک نہ چلی اور پوری ٹیم صرف 110 رنز پر پویلین لوٹ گئی، کاشف نے پانچ وکٹیں لیں، غلام یاسین اور زاہد محمود نے دو دو وکٹوں کا بٹوارا کیا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم نے بہاولپور اسٹیگز کو7 وکٹ سے مات دی۔ ناکام سائیڈ نے آل آؤٹ 264 رنز بنائے، بلال خلجی79 ،کامران حسین58 اور ریحان رفیق 24 کیساتھ نمایاں رہے، وقاص خان نے ناٹ آؤٹ37 رنز بنائے، عامر یامین نے5 اور رضوان حیدر نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ ملتان ٹائیگرز نے ہدف 6 اوور قبل3 وکٹ پر ہی حاصل کرلیا، شعیب مقصود 82، رمیز عالم نے 72 رنز اور ذیشا ن اشرف نے 71 رنز اسکور کیے۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں راولپنڈی ریمز نے میزبان لیپرڈز کو66 رنز سے ٹھکانے لگایا، فاتح ٹیم نے مقررہ50 اوورز میں اویس ضیاکے119 اور یاسم مرتضی کے54 رنز کی بدولت7 وکٹ پر338 رنز بنائے، عماد وسیم نے2 وکٹیں حاصل کیں۔

اسلام آباد لیپرڈز کی ٹیم 9 وکٹ پر272 رنز ہی بنا سکی، بابر اعظم نے سنچری بنا کر ٹیم کو فتح کی جانب گامزن کیا مگر دیگر کوئی بھی بیٹسمین ان کا ساتھ نہ دے سکا، فہد اقبال نے46 رنز بنائے، اختر ایوب نے دو اور یاسم مرتضی نے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔ پنڈی اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد نے پشاور پینتھر ز کو 45 رنز سے ٹھکانے لگاتے ہوئے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا، فاتح ٹیم کے219 رنز میں خالد عمران نے 80 اور میر اعظم نے27 کا حصہ ڈالا، زوہیب خان نے4 شکار کیے۔ پشاور پینتھرز کی ٹیم 174 پر ڈھیر ہوگئی، محمد نواز30 اور اکبر بادشاہ 35 کے ہمراہ نمایاں رہے، احمد جمال اور کامران غلام نے دو دو شکار کیے، خالد عثمان کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔
Load Next Story