اذلان کپ فتح کا خواب آنکھوں میں سجائے ہاکی ٹیم ملائیشیا روانہ

ٹائٹل کیلیے مہم کا آغاز 9 مارچ کو نیوزی لینڈ سے ہوگا، اچھے نتائج دیں گے، اختر رسول

ٹائٹل کیلیے مہم کا آغاز 9 مارچ کو نیوزی لینڈ سے ہوگا، اچھے نتائج دیں گے، اختر رسول فوٹو: فائل

سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں فتح کا عزم لیے قومی ٹیم ملائیشیا روانہ ہوگئی۔

منگل اور بد ھ کی درمیانی شب علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے کوالالمپور کیلیے روانہ ہونے والے کھلاڑیوں میں گول کیپرزعمران بٹ، عمران شاہ، فل بیک محمد عرفان سینئر، کاشف شاہ ،محمد عمران ، محمد عتیق ہاف بیک رضوان جونیئر، فرید احمد، عامر شہزاد، تصور عباس فارورڈز وقاص شریف، شفقت رسول، عبدالحسیم خان، محمد عمران جونیئر، علی شان ، محمد سلیمان، کاشف علی اور عرفان جونیئر جبکہ ٹیم آفیشلز میں چیف کوچ اختر رسول، کوچ حنیف خان، اجمل خان ، ویڈیو اینالسٹ ندیم لودھی اور فزیو تھراپسٹ ڈاکٹر اسد عباس شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ٹورنامنٹ 9 مارچ سے 17 مارچ تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائیگا جس میں دنیائے ہاکی کی 6 ٹاپ ٹیمیں آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور کوریا حصہ لیں گی۔ ایونٹ میں پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 9 مارچ کو، دوسرا میچ 10 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف، تیسرا میچ بھارت کے خلاف 12 مارچ، چوتھا میچ ملائیشیا کے خلاف 14مارچ کو ، پانچواں میچ کوریا کے خلاف 16 مارچ کو کھیلے گی۔ پہلی، دوسری، تیسری، چوتھی، پانچویں اور چھٹی پوزیشنز کے لیے میچز 17 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔




پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ اختر رسول کا کہنا ہے کہ عوامی توقعات بڑھنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے مگر ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ہر ٹورنامنٹ میں کامیابی ضروری نہیں۔ اختررسول نے کہا کہ نئے کھلاڑی ٹیم میں جگہ بنانے کیلیے ایپوہ میں ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔

اپنی قیادت میں پاکستان کو 1982 میں عالمی چیمپئن بنوانے والے اختر رسول کا کہنا تھا کہ اگلے برس ہونیوالے عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے اذلان شاہ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ حالیہ عالمی ٹورنامنٹس میں سرخرو ہونے کے باوجود ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کہیں سے پذیرائی نہیں ہوئی۔
Load Next Story