ن لیگ ملک کومشکل حالات سے نکال سکتی ہے ماروی میمن

پیپلزپارٹی نے کارکردگی دکھائی ہے، نور عالم،شفقت محمود کی کل تک میں گفتگو.

پیپلزپارٹی نے کارکردگی دکھائی ہے، نور عالم،شفقت محمود کی کل تک میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی رہنما ماروی میمن نے کہا ہے کہ لوگ جانتے ہیں کہ ن لیگ اوراس کی قیادت ہی ملک کو مشکل حالات سے نکال سکتی ہے اسی لیے وہ اس میں شامل ہو رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک کے میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادی بالکل ناکام ہوگئے ہیں۔ ماروی میمن نے کہا کہ رحمن ملک دہشگردوں کے ساتھ ن لیگ کے جس تعلق کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں وہ اسے سختی سے مسترد کرتی ہیں۔ ملک اسحاق کو ہم نے پکڑا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نور عالم نے کہا پیپلزپارٹی نے کارکردگی دکھائی ہے۔ جیسے جیسے الیکشن کے دن قریب آئینگے ہماری مقبولیت میں اضافہ ہو گا۔ تحریک انصاف کو ایک جنرل نے بنایا تھا اس کے ریٹائر ہونے کے بعد ان کا بھی کام ختم ہوگیا ہے۔




تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ جونیا سروے آیا ہے اس کو کروانے والے نے خود کہہ دیا ہے کہ یہ ایک لاٹری ہے۔ ہماری مقبولیت میں کمی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم پارٹی انتخابات میں مصروف تھے ۔ اب پشاور اور لاہور میں جو ہمارے جلسے ہوں گے وہ دیکھیے گا۔ تحریک کے ووٹوں میں حیران کن تبدیلی آسکتی ہے۔ اشرافیہ کا آنا جانا پچھلے 65 سال سے لگا ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی بی بی کی شہادت کے بعد ختم ہو گئی ہے۔ انتخابات میں اصل مقابلہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہو گا۔
Load Next Story