مسلم لیگ ن نے پاناما نظرثانی کیس کا تفصیلی فیصلہ مسترد کردیا

رہبری کرنے والوں نے ہی پاکستان اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا تاہم سوال رہبری کا نہیں منصفی کا ہے، اعلامیہ

رہبری کرنے والوں نے ہی پاکستان اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا تاہم سوال رہبری کا نہیں منصفی کا ہے، اعلامیہ۔ فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پاناما کیس پر نظر ثانی سے متعلق سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ مسترد کردیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ عدالتی زبان کے معیار پر پورانہیں اترتا، فیصلے کے ذریعے ماتحت عدالتوں پراثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی، نوازشریف کے بارے میں توہین اور تضحیک کے الفاظ عدالت کے لیے باعث فخر نہیں، فیصلہ اول تا آخر بغض، عناد، غصے اور اشتعال کی افسوس ناک مثال ہے۔



اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ جیسے مقدس ادارے کے لیے نواز شریف کی جدوجہد تاریخ کاحصہ ہے، رہبری کرنے والوں نے ہی پاکستان اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا تاہم سوال رہبری کانہیں منصفی کاہے جب کہ قافلے کیوں لٹے بچہ بچہ جانتاہے، قافلے لٹنے کی وجہ رہزنوں کے ہاتھوں پر بیعت ہے،راہزنوں کو جواز فراہم کرنے کے لیے نظریہ ضرورت ایجاد کیے گئے تاہم رہبر تو پیشیاں بھگت رہے ہیں بتایا جائے راہزن کہاں ہے۔


اعلامیے میں فیصلے میں لکھے گئے شعر میں ایک لفظ کی تبدیلی کے بعد کہا گیا کہ ''ادھر ادھر کی نہ بات کر یہ بتاکہ قافلہ کیوں لٹا، مجھے راہزنوں سے گلہ نہیں تیری منصفی کا سوال ہے''۔



دوسری جانب احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ججز بغض سے بھرے پڑے ہیں۔ کل سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں ججز کا غصہ اور بغض ان کے الفاظ میں ڈھل کر سامنے آگیا ہے جو کہ تاریخ کا سیاہ باب بنے گا۔



سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلے 70 سال میں جب بھی آمر آئے تو ہماری عدلیہ نے کئی سیاہ باب لکھے ہیں اور آج کا فیصلہ بھی تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا۔ قبل ازیں احتساب عدالت کے روبرو نواز شریف نے کہا کہ ان پر عائد تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور نیب ریفرنسز بدنیتی و سیاسی انتقام کیلئے بنائے گئے ہیں جب کہ ہمیں فیئر ٹرائل کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔
Load Next Story