سنجے لیلا بھنسالی جیسے لوگ صرف جوتوں کی زبان سمجھتے ہیںبھارتی وزیر

رانی پدماوتی ہر بھارتی عورت کے لیے باعث احترام ہیں لیکن ان کی کہانی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا شرمناک ہے، بھارتی وزیر

فلم میں ایسا کوئی سین نہیں ہے جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوں؛بھنسالی؛فوٹوفائل

بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے وزیر چنتامانی مالویا نے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جیسے لوگوں کو سمجھانے کا کوئی فائدہ نہیں ایسے لوگ صرف جوتوں کی زبان سمجھتے ہیں۔

سنجے لیلا بھنسالی کی زیر ہدایت بننے والی فلم ''پدماوتی''کی مشکلات ختم ہونے کانام ہی نہیں لے رہی ہیں۔ فلم شوٹنگ کے آغاز سے مسائل کا شکار ہے۔ بھارت میں چتوڑ کی رانی پدماوتی کو بہت زیادہ عزت واحترام دیا جاتا ہے کیونکہ وہ 1303 میں مبینہ طور پر سلطان علاؤالدین خلجی سے بچنے کے لیے آگ میں کود گئی تھی۔ ہندو انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ فلم میں پدماوتی کی کہانی کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے لہٰذا ہندو انتہا پسند اور بھارتی وزیر فلم کے سخت مخالف ہیں۔ گزشتہ روز بھی راجستھان کی سابق راجکماری ''دیا کماری''نے حقائق مسخ کیے جانے پر فلم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فلم کو راجستھان میں ریلیز نہیں ہونے دیں گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فلم 'پدماوتی' ایک بار پھرمشکلات کا شکار


ہندو انتہا پسندوں اور بھارتی وزرا کی جانب سے مسلسل تنقید اوردھمکیوں پر ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے فیس بک پر وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے رانی پدماوتی کے کردار سے متاثر ہوکر فلم بنائی ہے اس کے علاوہ فلم میں پدماوتی اور علاؤالدین خلجی کے درمیان ایسا کوئی سین نہیں ہے جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوں۔

تاہم ایسا لگتا ہے جیسے بھارتی وزرا کے آگے بھنسالی کی وضاحت کوئی معنی نہیں رکھتی جب ہی تو حکمراں جماعت بی جے پی کے رکن چنتامنی مالویا نے فیس بک پر سنجے لیلا بھنسالی کو خوب کھری کھری سناتے ہوئے لوگوں سے کہا ہے کہ ''وہ اس فلم کو نہ دیکھیں۔ فلمساز چند پیسوں کے لالچ میں تاریخ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہیں۔ رانی پدماوتی ہر بھارتی عورت کے لیے باعث احترام ہیں۔ انہوں نے اپنی عزت بچانے کے لیے خود کو آگ میں جھونک دیا تھا لہٰذا ان کی کہانی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا باعث شرم ہے۔ بھنسالی جیسے لوگوں کو کوئی بھی زبان سمجھ نہیں آتی، ان جیسے لوگوں کو صرف جوتوں کی زبان سمجھ آتی ہے، ہمارے ملک میں رانی پدماوتی کی بے عزتی برداشت نہیں کی جائے گی اور نہ ہم تاریخ کے ساتھ چھیڑچھاڑ برداشت کریں گے''۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ''پدماوتی'' کی راہ میں ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی

واضح رہے کہ شوٹنگ کے آغاز سے ہی تنازعات کا شکار فلم ''پدماوتی''اگلے ماہ یکم دسمبرکو ریلیز کی جائے گی۔
Load Next Story