کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند

حیدرآباد، میرپور خاص، نوابشاہ، سکھراور سانگھڑ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی فائرنگ کے بعد کاروبار بند ہوگیا ہے۔

بس نذر آتش کئے جانے کے بعد کراچی کی سڑکوں سے ٹرانسپورٹ بھی غائب ہوگیا۔ فوٹو: فائل

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد دکانیں، کاروباری مراکز اور پیٹرول پمپس بند ہوگئے ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال، گلستان جوہر، رضویہ سوسائٹی، فیڈرل بی ایریا، بفرزون، آئی آئی چندری گر روڈ، برنس روڈ، رنچھوڑ لائن، پرانا گولیمار، سائٹ، اورنگی ٹاؤن، ملیر ، کورنگی ، لانڈھی اور دیگر علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ النور پر ایک گاڑی کوبھی آگ لگادی گئی۔



فائرنگ کے بعد شہر بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا اوراس دوران دکانیں، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور پیٹرول پمپس بند ہوگئے، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے شہر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر بند کردیا جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیاہے ۔


شہر میں پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد سیکریٹری صحت نے فوری طور پر تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے مختلف علاقوں میں گشت میں اضافہ کردیا ہے۔


کراچی میں کشیدگی کے بعد حیدرآباد، میرپور خاص، نوابشاہ، سکھر ، ٹنڈوالہیار اور سانگھڑ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی فائرنگ کے بعد کاروبار بند ہوگیا ہے۔

Load Next Story