شارجہ میں پرانے اسٹارز کی کہکشاں ایک بار پھر سجے گی

پاک بھارت سابق کرکٹرزمیں آئندہ ماہ ٹکرائو ہوگا، گرین ٹیم کی قیادت انضمام کے سپرد

بھارتی دستے کی کمان اظہرالدین کو ملنے کا امکان، میچز براہ راست نشر ہوں گے۔ فوٹو: فائل

شارجہ میں پرانے اسٹارز کی کہکشاں ایک بار پھر سجے گی۔

تاریخی وینیو پر پاک بھارت سابق کرکٹرز کے درمیان 19و20 اپریل کو میچز کھیلے جائیں گے، پاکستانی سائیڈ کی قیادت انضمام الحق کے ہاتھوں میں ہوگی، بھارتی کمان اظہر الدین کی جانب سے سنبھالے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اوربھارت کے درمیان آئندہ ماہ شارجہ میںویٹرنز ون ڈے کرکٹ سیریز منعقد ہو گی، 19اور20 اپریل کو شارجہ اسٹیڈیم میں ہونے والے ان میچوں میں پاکستان کی قیادت سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میںسابق ٹیسٹ کپتان معین خان، راشد لطیف، جلال الدین،اعجاز احمد، ارشد خان، ساجد علی اور غلام علی بھی شامل ہوں گے۔




سابق ٹیسٹ کپتان اظہر الدین نے بھارت ٹیم کی قیادت کر نے کی حامی بھر لی ہے جبکہ لکشمن اور اجے جڈیجا بھی بھارتی ٹیم کا حصہ ہوں گے،بدھ کو کراچی جیمخانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان نے بتایاکہ سیریز کے انعقاد کے لیے دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری ہیں جبکہ اس سلسلے میں معاملات طے کرنے کے لیے بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر شاہد ملک خصوصی طور پر بھارت میں ہیں۔

آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی اور شاہد لطیف بھی اس ضمن میں کوشاں ہیں جبکہ طاہر میمن دبئی میں انتظامات میں مصروف ہیں، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایک انٹرنیشنل اسپورٹس چینل نے ان مقابلوں کو براہ راست نشر کرنے کے حقوق حاصل کر لیے ہیں، جبکہ ایک کروڑ روپے کے لگ بھگ اخراجات کے علاوہ شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کو معقول معاوضہ بھی ادا کیا جائے گا جس کے لیے اسپانسرز سے بات چیت جاری ہے۔
Load Next Story