شوگر جیسے خطرناک مرض میں مبتلا ہونے والی مشہورشخصیات

شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بیشتر اداکاربھی اس موذی کا مرض کا شکار ہیں

فواد خان صرف 17 برس کی عمر میں شوگرکا شکار ہوئے تھے؛ فوٹوفائل

WASHINGTON:
سلور اسکرین پر ہمیشہ صحت مند اور تندرست نظرآنے والے کئی اداکار حقیقت میں مختلف بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں اداکار فوادخان اور سونم کپور بھی شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں۔

گزشتہ روز شوگرذیابیطس کا عالمی دن منایا گیا۔ یہ دن سب سے پہلے14 نومبر 1991 میں صحت کے عالمی ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن(ڈبلیو ایچ او)نے منایاتھا۔ اس دن کو منانے کا مقصد ان تمام افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا جو شوگر جیسی موذی اور خطرناک بیماری میں مبتلا ہیں۔ ماضی میں شوگر کے مرض میں عموماً بڑی عمر کے افراد مبتلا ہوتے تھے تاہم اب چھوٹی عمر کے افراد بھی اس مرض کا شکار نظرآتے ہیں۔ شوگر موروثی مرض ہے اور اکثر یہ والدین یا خاندان کے کسی فرد کے ذریعےبچوں میں منتقل ہوجاتا ہے۔ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بیشتر اداکاربھی اس موذی کا مرض کا شکار ہیں۔

فواد خان:



پاکستان سمیت بھارتیوں کو بھی اپنی اداکاری اور پرکشش شخصیت کا دیوانہ بنانےو الے اداکار فواد خان کے بارے میں شاید ہی کسی کویہ بات معلوم ہو کہ ٹی وی پر ہمیشہ تروتازہ اور فٹ دکھائی دینے والے فواد خان شوگر جیسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہیں۔ فواد خان صرف 17 برس کی عمر میں شوگرکا شکار ہوئے تھے۔ ایک انٹرویو کے دوران فواد خان نےاس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا اس بیماری کی وجہ سگریٹ نوشی ہے۔

تاہم اب فواد خان اپنی صحت کا بے حد خیال رکھنے کے ساتھ کھانے پینے میں بھی احتیاط کرتے ہیں۔ ان کا دن لیموں ملے گرم پانی، انڈوں اور سیریل سے شروع ہوتا ہے جب کہ فواد گوشت سے پرہیز کرکے صرف سبزیاں کھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔

سونم کپور:




یقیناً آپ کے لیے اس بات پر یقین کرنا مشکل ہوگا کہ بھارتی اداکار انیل کپور کی صاحبزادی اداکارہ سونم کپور بھی شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں لیکن یہ بالکل سچ ہے۔ سونم کپور کو نوعمری میں یہ بیماری تشخیص ہوئی۔ سونم بچپن میں کافی موٹی تھیں اور شوگر کی وجہ بھی ان کا یہی موٹاپا تھا۔ اداکارہ سونم نوعمری میں شوگر کے مرض سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے دوائیں لیتی تھیں تاہم اب وہ انسولین کے انجیکشن لیتی ہیں۔ اس کے علاوہ سونم اپنے کھانے پینے کا بھی بے حد خیال رکھتی ہیں اور روزانہ وزرش اور یوگا کرنا ان کا معمول ہے۔ جس کے باعث ان کی شوگر کنٹرول رہتی ہےاور وہ تازہ دم اور فریش نظرآتی ہیں۔

وسیم اکرم:



پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ کھلاڑی وسیم اکرم بھی شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں تاہم ان کی یہ بیماری کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہے۔ وسیم اکرم کو 30 سال کی عمر میں یہ بیماری کی تشخیص ہوئی تھی انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی بیماری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس وقت مجھ پر انکشاف ہو اکہ میں شوگر کے مرض میں مبتلا ہوں مجھے بہت حیرت ہوئی تھی کیونکہ میں صحت مند اسپورٹس مین تھا اور میرے خاندان میں بھی کسی کو یہ بیماری نہیں تھی، وہ وقت بہت مشکل تھا۔ تاہم وسیم اکرم نے اپنی بیماری سے ہارنے کے بجائے لڑنے کا فیصلہ کیا اور آج وہ شوگر کے مریض ہونے کے باوجود ایک صحت مند زندگی گزاررہے ہیں۔

ہیلے بیری:



نامورہالی ووڈ اداکارہ ہیلے بیری بھی شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں۔ انہیں 23 سال کی عمر میں معلوم ہوا کہ وہ اس موذی مرض کا شکار ہوگئی ہیں۔ ہیلے بیری بھی شوگر کے مرض سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے انسولین کے انجیکشن لیتی ہیں اس کے علاوہ اپنی خوراک کا خیال رکھنے کے ساتھ ورزش بھی کرتی ہیں جس کے باعث ان کی شوگر کنٹرول میں رہتی ہے۔
Load Next Story