مخدوم شہاب و موسیٰ گیلانی کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سمری تیار

وزارت نارکوٹکس کا 19ملزموں کاممکنہ فرار روکنے کیلیے اے این ایف کی سفارش سے اتفاق

وزارت نارکوٹکس کا 19ملزموں کاممکنہ فرار روکنے کیلیے اے این ایف کی سفارش سے اتفاق۔ فائل فوٹو

ایفی ڈرین کیس ہر گزرتے دن کے ساتھ نئی شکل اختیار کرتا جارہاہے، ایک طرف اس کیس کی سماعت ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں جاری ہے تو دوسری طرف اینٹی نارکوٹکس فورس تفتیش کا عمل تیزی سے آگے بڑھاتے ہوئے ایسے کئی اقدامات کررہی ہے جس سے یہ اہم مقدمہ اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

اے این ایف اس مقدمے کے اہم ملزموں کو قانون اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلیے جہاں کئی دوسرے اقدام کررہی ہے وہاں اس کی سفارش پر وزارت نارکوٹکس کنٹرول نے سابق وفاقی وزیرصحت مخدوم شہاب الدین اور سابق وزیراعظم کے چھوٹے صاحبزادے اوررکن قومی اسمبلی علی موسٰی گیلانی سمیت 19ملزموں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پرڈالنے کیلیے ایک سمری وزارت داخلہ کو 3 اگست کو بجھوائی ہے۔ اس سمری میں وزارت داخلہ کو کہا گیا ہے کہ وزارت نارکوٹکس کنٹرول کی طرف سے اے این ایف نے ایفی ڈرین کیس میں ملوث جن ملزموںکے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کی ہے وہ اس سے پوری طرح متفق ہے۔


کیون کہ ملزمان کے بیرون ملک فرارکی کسی بھی ممکنہ کوشش کو روکنے کیلیے ان کے نام ای سی ایل پرڈالنا ناگزیرہے۔ سمری میں جن ملزموں کے نام ای سی ایل پرڈالنے کی سفارش کی گئی ہے، ان میں این ایچ اے کے سربراہ ظفر عباس لک، وفاقی وزارت صحت کے سابق ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرجمعہ، ان کے پیشرواور قائم مقام ڈائریکٹرجنرل صحت ڈاکٹراسد حفیظ، ایفی ڈرین کا غیرقانونی کوٹا حاصل کرنے والی سب سے بڑی فارماسیوٹیکل فرم میسرز برلکس انٹرنیشنل ملتان کے چیف ایگزیکٹو افسر رضوان احمد خان، اس مقدمے کی دوسری بڑی فریق فارماسیوٹیکل فرم داناس فارما اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو انصر فاروق، اسی کمپنی کے ایک ڈائریکٹر اور مقدمے میں زیرتفتیش سابق فیڈرل ڈرگ کنٹرولر شیخ انصار کے حقیقی بھائی کرنل ریٹائرڈ طاہرلاہوتی،کین فارما ملتان کے ڈائریکٹرہاشم ترین کے نام شامل ہیں۔

کین فارما ملتان پر الزام ہے کہ انہوں نے میسرز برلکس انٹرنیشنل ملتان کیلئے ایفی دڑین کے ڈیلروں کے جعلی نام اور ایڈریس تیارکئے۔ ان کے علاوہ فلورینس فارما ملتان کے ڈائریکٹر احسان الرحمان، اسی کمپنی کے دوسرے ڈائریکٹر چودھری عبدل وحید ماجد، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ڈرگ عبدالستار سوہرانی، سابق فیڈر ل ڈرگ کنٹرولر سید توقیرشیرازی، سابق وزیرصخت مخدوم شہاب الدین کے مبینہ فرنٹ مین شیخ انصاراحمد اورفلورینس اسلام آباد کے ڈائریکٹر سید انجم شاہ اورتوقیر احمد خان جن پرالزام ہے کہ انہوں نے سابق وزیراعظم کے بیٹے موسٰی گیلانی کی فرنٹ مین کے طورپر میسرزبرلکس انٹرنیشنل ملتان اور داناس فارما اسلام آباد کے ایفی ڈرین کا 9 ہزارٹن کا غیرقانونی کوٹہ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان19 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے سمری بجھوانے کے علاوہ اے این ایف سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے پرنسپل سیکرٹری خوشنود اخترلاشاری جو ملک سے فرار ہوکر برطانیہ چلے گئے ہیں کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری اور پاکستان واپس لاکر ان سے ایفی دڑین کیس میں تفتیش کرنے کیلیے کیس تیارکررہی ہے۔ اے این ایف کے حکام ایفی ڈرین کیس میں روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کررہی ہے اور ادارے کے حکام کوشش کررہے ہیں کہ اس سنگین نوعیت کے مقدمے کے تمام ملزمان کے چالان جلد ازجلد عدالت میں پیش کئے جائیں۔

Recommended Stories

Load Next Story