کوئٹہ کار بم دھماکے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق 6 مکانات تباہ

بارکھان میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر راکٹ سے حملہ،سوئی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام،60کلو گرام بم ناکارہ بنادیا گیا

کوئٹہ میں سیکیورٹی اہلکار کار بم دھماکے سے تباہ ہونے والی عمارت کا معائنہ کررہے ہیں ۔ فوٹو ایکسپریس

کوئٹہ میں کار میں نصب بم کے پھٹنے کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 5افراد جاں بحق اور 10زخمی ہوگئے۔اتوار کو کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر ڈاکٹر اعظم مینگل کے گھر کے صحن میں کھڑی گاڑی میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے خاتون فہمیدہ اور دو بچوں سمیت سمیت 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، دھماکے سے 6مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ اردگرد کے مکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔


دھماکا اتنا شدید تھا کہ لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔ واقعے کے فوری بعد مقامی، پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔بم اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 80 سے زائد کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھر کو محاصرے میں لیکر ایک شخص کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

بارکھان میں نامعلوم افراد نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر راکٹ پھینکا تاہم جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے۔سوئی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 60کلو گرام وزنی ریموٹ کنٹرول بم قبضے میں لیکر ناکارہ بنادیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔دریں اثناء صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کوئٹہ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردبزدلانہ کارروائیوں سے حکومت کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے،حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story