زائرہ وسیم کو بھارت کا دوسرا نیشنل ایوارڈ مل گیا

فلم ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘میں زائرہ وسیم نے انسیا نامی نوجوان لڑکی کا کردارادا کیا تھاجو گلوکارہ بننا چاہتی ہے

بھارتی صدر شری رام ناتھ کووند نے زائرہ وسیم کو دوسرےنیشنل ایوارڈ سے نوازا ہے؛ فوٹوفائل

فلم''دنگل''میں عامر خان کی بیٹی کا کردار ادا کرنے والی نامور بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم کو دوسری بار نیشنل ایوارڈ سے نوازدیاگیا۔

زائرہ وسیم نے گزشتہ برس فلم''دنگل''سے بالی ووڈ میں انٹری کی تھی۔ فلم میں انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی بیٹی گیتا پھوگٹ کے بچپن کاکردارادا کیا تھا اوراپنی پہلی ہی فلم میں اتنی شاندار اداکاری کی تھی کہ بالی ووڈ کی دیگراداکاراؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نیشنل ایوارڈ سمیت متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاکستانی فلموں میں ضرور کام کروں گی

عامر خان بھی ان کی اداکاری سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے تھے اور اپنی دوسری فلم''سیکریٹ سپر اسٹار''میں انہوں نے زائرہ کو ایک بار پھر موقع دیا اور اس بار بھی زائرہ نے خود کو بہترین اداکارہ ثابت کیا اور لوگوں کے دل جیت لیے۔ فلم ''سیکریٹ سپر اسٹار''میں زائرہ وسیم نے انسیا نامی نوجوان لڑکی کا کردارادا کیا تھا جسے گلوکارہ بننے کا شوق ہوتا ہے لیکن والد کی جانب سےاجازت نہ ملنے پر برقع پہن کر اپنے گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتی ہے جس کی وجہ سے ہر جانب اس کی دھوم مچ جاتی ہے۔




فلم میں بہترین اداکاری کرنے پر بھارتی صدر شری رام ناتھ کووند نے انہیں فلم ''سیکریٹ سپر اسٹار ''کے لیے ''بہترین چائلڈ اداکارہ''کے دوسرےنیشنل ایوارڈ سے نوازا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ''سیکریٹ سپر اسٹار'' بھارت میں ناکامی سے دوچار

واضح رہے کہ فلم ''سیکریٹ سپرا سٹار''توقع کے برعکس باکس آفس پر صرف 62 کروڑ کی کمائی ہی کرسکی تھی لیکن شائقین کی جانب سے زائرہ وسیم کی اداکاری کو بےحد سراہا گیاتھا۔
Load Next Story