سلمان خان پرایک بارپھرجیل جانے کی تلوار لٹکنے لگی

ویب ڈیسک  جمعـء 30 مارچ 2018
فیصلہ سناتے وقت  اداکار سلمان خان اور مقدمے میں نامزد تمام افراد عدالت میں موجود ہوں؛ مجسٹریٹ کا حکم؛ فوٹوفائل

فیصلہ سناتے وقت اداکار سلمان خان اور مقدمے میں نامزد تمام افراد عدالت میں موجود ہوں؛ مجسٹریٹ کا حکم؛ فوٹوفائل

جودھپور: کالے ہرن کے غیرقانونی شکار کے کیس میں 18 سال بعد بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی قسمت کا فیصلہ 5 اپریل کو سنایا جائے گا کہ وہ جیل جائیں گے یا باعزت بری ہوجائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سلمان خان کے خلاف بھارتی ریاست راجستھان کے شہرجودھپورکی مقامی عدالت میں کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سلمان خان تو عدالت میں پیش نہ ہوئے تاہم ان کے وکیل ہستیمل سرسوت موجود تھے۔ سماعت کے دوران دونوں طرف کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کے خلاف کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس کا فیصلہ 5 اپریل کو سنایا جائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  سلمان خان طلب

سماعت کے دوران مجسٹریٹ دیو کمار کھتری نے حکم دیا ہے کہ فیصلہ سناتے وقت  اداکار سلمان خان اور مقدمے میں نامزد تمام افراد عدالت میں موجود ہوں  جب کہ ان کا مزید کہنا تھا کہ 5 اپریل کو سلمان خان کو مشہور شخصیت کے طور پر نہیں بلکہ ایک عام انسان کے طور پر نظر میں رکھتے ہوئے فیصلہ سنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ کالے ہرن کے غیرقانونی شکار کے کیس میں سلمان خان کے علاوہ اداکار سیف علی خان، اداکارہ سونالی باندرے، تبو اوراداکارہ نیلم بھی نامزد ہیں، جن پر الزام ہے کہ ان تمام اداکاروں نے 1998 میں  فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران جودھپور میں پابندی کے باوجود غیر قانونی طور پر کالے ہرن کا شکار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔