جعلی اکاؤنٹ کیس میں سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون سمیت تمام ملزمان بری

ویب ڈیسک  پير 30 ستمبر 2024
چیئرمین نیب نے 7 ملزمان کیخلاف کڈنی ہلز ریفرنس واپس لینے اور بری کرنے کی درخواست کی تھی

چیئرمین نیب نے 7 ملزمان کیخلاف کڈنی ہلز ریفرنس واپس لینے اور بری کرنے کی درخواست کی تھی

احتساب عدالت اسلام آباد نے سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون سمیت دیگر ملزمان کو بری کر دیا۔

نیب سے ملزمان کو ریلیف ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو بھی بڑا ریلیف مل گیا۔

احتساب عدالت نمبر 1 کے جج ناصر جاوید رانا نے جعلی اکاؤنٹ کڈنی ہلز ریفرنس کی سماعت کی۔

چیئرمین نیب نے استدعا کی کہ عدالت قانون کے مطابق تمام ملزمان کو بری کردے، چار ستمبر کے نیب ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کے فیصلے کے مطابق ریفرنس واپس لینے کا فیصلہ ہوا ، ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں دستیاب شواہد کا جائزہ لیا گیا، پراسیکیوٹر جنرل کیساتھ مشاورت کے بعد چیرمین نیب اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ ریفرنس نہیں بنتا تھا۔

چیرمین نیب نے سلیم مانڈوی والا اور دیگر ملزمان کے خلاف اپنا ہی دائر کردہ ریفرنس واپس لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے عدالت سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست کی۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کردیا۔

واضح رہے کہ 7 ملزمان کیخلاف جنوری 2021 میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔