عالیہ بھٹ کا مخصوص دماغی بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف

ویب ڈیسک  منگل 15 اکتوبر 2024
فوٹو : انسٹاگرام

فوٹو : انسٹاگرام

 ممبئی: بالی وڈ کی مشہور اداکارہ عالیہ بھٹ نے پہلی بار اپنے ADHD  یعنی توجہ مرکوز نہ کر پانے اور حد سے زیادہ فعال ہونے کے مسئلے کی تشخیص کے بارے میں بات کی ہے۔

فلم “جِگرا” کی پروموشن کے دوران عالیہ بھٹ نے “للن ٹاپ” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق یہ اہم انکشاف کیا۔

عالیہ بھٹ نے بتایا کہ انہیں بچپن میں ہی یہ محسوس ہونا شروع ہو گیا تھا کہ وہ کلاس روم میں یا دوستوں کے ساتھ بات چیت کے دوران اکثر زون آؤٹ ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا، “میں بچپن سے ہی زون آؤٹ ہو جاتی تھی، اور یہی وجہ بنی کہ میں نے سائیکولوجیکل ٹیسٹ کرایا اور مجھے ADHD کی تشخیص ہوئی۔”

عالیہ نے مزید کہا، “جب میں نے اپنے دوستوں کو اس بارے میں بتایا تو وہ کہنے لگے، ‘ہمیں پہلے سے ہی معلوم تھا، یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔’ لیکن میرے لیے یہ نیا انکشاف تھا۔”

عالیہ بھٹ نے ADHD کے چیلنجز کے باوجود اپنی زندگی میں سکون کے لمحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اداکاری کے دوران اور اپنی بیٹی راہا کے ساتھ وقت گزارنے میں انہیں سب سے زیادہ سکون محسوس ہوتا ہے۔ “کیمرے کے سامنے ہوتے ہوئے، میں مکمل طور پر موجود رہتی ہوں۔ اور اب، راہا کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے، میں سب سے زیادہ سکون میں ہوں۔ یہ دونوں لمحات میری زندگی میں سب سے زیادہ پر سکون ہیں،”۔

ذاتی انکشافات کے ساتھ ساتھ، عالیہ بھٹ اس وقت اپنی نئی فلم “جِگرا” کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ یہ فلم ہدایت کار واسان بالا کی جانب سے بنائی گئی ہے اور ایک بہن کی کہانی کو بیان کرتی ہے جو اپنے بھائی کو بچانے کے لیے ایک مشکل سفر پر نکلتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔