ایران خبردار رہے، مہلک اور درست ترین جوابی حملہ زیادہ دور نہیں؛ اسرائیل

ویب ڈیسک  منگل 15 اکتوبر 2024
ایران کو بالکل ویسا جواب دیں گے جس کا وہ حق دار ہے، اسرائیلی وزیر دفاع

ایران کو بالکل ویسا جواب دیں گے جس کا وہ حق دار ہے، اسرائیلی وزیر دفاع

تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے دھمکی دی ہے کہ ایران پر بے کم و کاست جوابی حملہ  جلد ہونے جا رہا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے ان خیالات کا اظہار یرغمالیوں کے اہل خانہ کے دائیں بازو کے ایک فورم سے گفتگو میں کیا۔

حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کے اہل خانہ ان کی بحفاظت واپسی میں ناکامی پر نیتن یایو اور ان کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع سے ملاقات میں یرغمالیوں کے اہل خانہ نے شکایتوں کے ڈھیر لگا دیے اور یرغمالیوں کی اب تک بحفاظت واپسی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

جس پر اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ وہ ایک ایک یرغمالیوں کی بازیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے یرغمالیوں کے اہل خانہ کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ایران کو مہلک اور عین مطابق جوابی حملہ جلد ہی دیا جائے گا۔

تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ ایران پر جوابی حملہ کس نوعیت کا ہوگا۔

یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں بیلسٹک میزائل داغے تھے جو جدید ترین فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دیتے ہوئے صہیونی ریاست کی سرزمین میں داخل ہوگئے تھے۔

ان بیلسٹک میزائل حملوں نے اسرائیلی فوج کو حیرانی میں مبتلا کردیا تھا اور وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران سے انتقام لینے کا اعلان کیا تھا لیکن اب تک اس پر عمل نہیں ہوسکا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔