آئینی عدالت بلاول کا مطالبہ،پارٹی منشور کا حصہ،شرجیل میمن

نمائندہ ایکسپریس / اسٹاف رپورٹر  جمعـء 18 اکتوبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی /  حیدرآباد: شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئینی عدالت، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مطالبہ اور پارٹی کے منشور کا حصہ ہے اس لیے بلاول بھٹو نے ان آئینی اصلاحات پر وکلا سمیت سب سے رابطہ کیا ہم چاہتے ہیں کہ عدلیہ کے ذریعے جو زیادتیاں ہوتی ہیں وہ نہ ہوں، افتخار چوہدری، ثاقب نثار، عمر عطا بندیال کا دور عدلیہ کا کالا دور ہے۔

پیپلز پارٹی آج عوامی جلسہ کرنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے جا رہی ہے۔ آئینی ترامیم میں دریا سندھ پر پنجاب میں مزید کینالز نکالنے کا کوئی نکتہ شامل نہیں ہے اس معاملے پر سندھ نے وفاق کو اپنے اعتراضات، خدشات اور احتجاج سے آگاہ کر دیا ہے۔ حیدرآباد میں گورنر کے پی کے فصیل کریم کنڈی، ضلعی صدر و ڈپٹی میئر حیدرآباد صغیر قریشی، جنرل سیکرٹری علی محمد سہتو کے ہمراہ جمعہ کو 18 اکتوبر کے شہداکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہونے والے جلسہ کی تیاریوں کا معائنہ کرنے کے دوران پنڈال میں بات چیت کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر درحقیقت پیپلز پارٹی کے لیے جلسہ کرنے کا نہیں بلکہ یوم خراج عقیدت و خراج تحسین کا دن ہے۔

آئینی ترامیم کے لیے جبری اقدامات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وفاق میں حکومت پیپلز پارٹی کی نہیں ہے مجھے علم بھی نہیں ہے کہ کسی کو کوئی تکلیف پہنچائی گئی ہے اگر پہنچائی گئی تو غلط ہے ۔علاوہ ازیں محکمہ ایکسائز سندھ  نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے سالانہ ٹیکس ریونیو ہدف کا 27 فیصد پہلی سہ ماہی میں کامیابی سے حاصل کرلیا ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی کاوشوں سے محمکہ ایکسائزو ٹیکسیشن نے مالی سال کے 203 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے پہلے 3 مہینوں میں 55.48 ارب روپے جمع کر لیے ،سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کا  ایک اہم اجلاس کراچی میں  ہوا،  اجلاس  کے موقع پر سہ ماہی میں کامیابی حاصل  کرنے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن   نے محکمے کی کارکردگی کی تعریف کی اور کارروائیوں کو مزید ہموار کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات دیں۔

اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے موٹر وہیکل ٹیکس کا نظام 15 دن کے اندر آن لائن کرنے کے احکامات  بھی جاری  کیے۔ اجلاس  کے دوران پروفیشنل ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی کی وصولیوں سمیت دیگر خدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا  اور  محکمے کی صلاحیت کو بہتر بنانے اور مستقبل کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے افرادی قوت بڑھانے اور طریقہ   کار پر بھی گفتگو کی گئی۔

اجلاس  میں بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل  انعام میمن نے کہا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کا نظام 15 دن کے اندر آن لائن کیا جائے تاکہ شہریوں کے لیے ٹیکس کا نظام مزید آسان اور موثر ہو سکے،حکومت سندھ ٹیکس نظام کو جدید بنانے اور شفافیت، کارکردگی اور عوام کے لیے سہولت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثنا سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے حیدرآباد میں اعلان کردہ احتجاج واپس لے لیا ہے۔

ڈاکٹر قادر مگسی نے یہ بات آج پاکستان پیپلز پارٹی کے اجلاس کے دوران کہی۔ ایس ٹی پی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے پانی کے لیے پرامن احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ڈاکٹر قادر مگسی نے جو مطالبات کیے ہیں وہ جائز ہیں، سندھ کے مسائل پر کبھی مذاکرات نہیں کریں گے، ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ہم کل کا احتجاج شرجیل انعام میمن کی آمد کے باعث ملتوی کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی پر سندھ کے لوگوں کی جو ذمہ داری عائد ہوتی ہے، وہ پوری نہیں کر رہی،پیپلز پارٹی نے ہمارے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے ایک وفد ہمارے پاس بھیجا ہے۔  انہوں نے کہا کہ احتجاج پرامن تھا جسے ہم ملتوی بھی کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔