سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 7 کے ساتویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 رنز سے شکست دے دی، 175 کے ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 168 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے عمران طاہر نے جادوئی گیندوں سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں، سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ کو 6 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے، شان مسعود مین آف کی میچ قرار پائے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے شان مسعود کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا تھا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
ملتان سلطانز کی اننگز
ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ رہا کیوں کہ کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رنر بنائے آؤٹ ہوگئے بعد ازاں شان مسعود نے ٹیم کو لڑکھڑانے سے بچایا اور 58 بالز پر 88 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 175 رنز تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
ملتان سلطانز کے ٹم ڈیوڈ نے 28، ریلی روسو اور صہیب مقصود نے 21، 21 رنز بنائے، اس طرح ملتان کی ٹیم 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بالر محمد حسنین نے 2 جبکہ جیمز فالکنر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Decent effort by the bowlers.👏
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز
گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو محض 29 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ احسانی علی کی گری پھر ول اسمڈ بھی چلتے بنے، بعد ازاں کپتان سرفراز نے بین ڈکٹ کے ہمراہ اچھی شراکت داری قائم کرنے کی کوشش کی تاہم سرفراز بھی 21 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آخری 4 اوورز میں جیت کے لیے 50 رنز درکار تھے ایسے میں افتخار احمد کے چھکے، چوکے بھی کام نہ آئے اور یکے بعد دیگرے تمام کھلاڑی 19.5 اوورز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا ساتواں میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا گیا، گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد جبکہ سلطانز کی قیادت محمد رضوان نے کی۔
سرفراز احمد نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا تھا کہ کوشش ہوگی ملتان سلطانز کو کم اسکور تک محدود رکھیں، آج کے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
اس دوران محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے تو رزلٹ بھی مثبت آئے گا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، احسن علی، بین ڈکٹ، ول اسمڈ، افتخار احمد، محمد نواز، جیمز فالکنر، محمد حسنین، نسیم شاہ اور عشر قریشی شامل رہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود، صہیب مقصود، ریلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوش دل شاہ، ڈیوڈ ولی، عباس آفریدی، عمران طاہر، عمران خان سینئر اور شاہ نواز داھانی شامل تھے۔