دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 ؛ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

ویب ڈیسک  بدھ 3 جولائی 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت آئیڈیاز 2024ء کی دوسری اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، سعید غنی، ذوالفقار شاہ، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، ڈی جی ڈی ای پی او میجر جنرل اسد نواز، پرنسپل سیکرٹری آغا واصف، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی اور صوبائی سیکرٹریز شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 12ویں عالمی دفاعی نمائش اور سیمینار 19 تا 22 نومبر کو ہوں گے۔ آئیڈیاز ہمارے شہر کراچی کا سب سے بڑا اور اہم ایونٹ ہے۔ 2000 تا 2024 آئیڈیاز کے انعقاد سے ہماری دفاعی ٹیکنالوجی میں ترقی کا واضح ثبوت ہے۔ آئیڈیاز کے انعقاد سے دنیا کے اہم ممالک کے ساتھ اسٹریٹیجک روابط مستحکم ہوئے ہیں۔ مختلف ممالک ایک دوسرے کے تجربات، ٹیکنالوجی اور خیالات پر بات چیت کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 12 ویں دفاعی نمائش آئیڈیاز کے سلسلے میں ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کو مبارکباد دی اور کہا کہ آئیڈیاز 2024 ایک انٹرنیشنل ایونٹ ہے، جو کہ ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ اس موقع پر ڈی جی ڈی ای پی او میجر جنرل اسد نواز نے کہا کہ آئیڈیاز 2024ء میں 50 سے زائد ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو آئیڈیاز کے مختلف پروگرامز سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئیڈیاز 2024ء سے قبل تمام میونسپل اداروں اور انتظامیہ کو شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عالمی دفاعی نمائش کے انعقاد کے لیے پولیس اور رینجرز فول پروف سکیورٹی پلان بنائیں۔ جہاں سڑکیں، نکاسی آب اور اسٹریٹ لائٹس کی ضرورت ہے وہ فوری طور پر مکمل کی جائیں۔ شہر کی خوبصورتی کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2024 کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔