گوگل نے سابق ملازم کی خدمات بھاری ڈیل کے عوض دوبارہ حاصل کرلیں

ویب ڈیسک  پير 30 ستمبر 2024

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی نے طویل عرصے تک بطور محققین کام کرنے والے نوم شازیر کی اپنے اے آئی ماڈل کی شریک سربراہی کے لیے 2.7 ارب ڈالر کی ڈیل میں ایک بار خدمات حاصل کرلیں۔ نوم شازیر نے 21 برس تک گوگل میں خدمات انجام دینے کے بعد 2021 میں کمپنی کو خیر باد کہا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے مبینہ طور پر کمپنی کو اس وقت الوداع کہا تھا جب کمپنی نے اس چیٹ بوٹ کو لانچ کرنے سے انکار کیا تھا جو انہوں نے اپنے ساتھی کے ساتھ بنایا تھا۔ کمپنی کو الوداع کہنے کے بعد  انہوں نے کریکٹر اے آئی میں بطور سربراہ شمولیت اختیار کی۔

نوم 2017 میں موجودہ اے آئی بوُم کے متعلق لکھے گئے ایک تحقیقی مقالے کے شریک مصنف بھی ہیں۔ کریکٹر اے آئی اس مقالے میں پیش کی گئی تکنیکی جدت کو استعمال کرتی ہے۔ کمپنی 19 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی رقم اکٹھی کر چکی ہے اور گزشتہ برس اس کی ویلیو 1 ارب ڈالر لگائی گئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل نے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور نوم شازیر کو واپس کمپنی میں لانے کے لیے 2.7 ارب ڈالر ادا کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔