نجی رائیڈر کمپنی کے مالک کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

کورٹ رپورٹر  جمعرات 3 اکتوبر 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

  کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ نے آن لائن سروس بائیکیا کے خلاف وکیل کی درخواست پر کمپنی کے مالک کے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

جوڈیشل میجسٹریٹ ساؤتھ کی عدالت کے روبرو آن لائن سروس بائیکیا کے خلاف رافع ظفر ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بائیکیا رائیڈ کے دوران رافع ظفر ایڈووکیٹ حادثے کا شکار ہوگیا تھا اور حادثے کے دوران وکیل کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی، حادثے کے بعد بائیک رائیڈر وکیل کو زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔

درخواست گزار نے کہا ہے کہ مدعا علیہان کے خلاف قانون کارروائی کی جائے اور رائیڈر کے سفری دستاویزات مکمل ہونے کی جانچ پڑتال کا حکم دیا جائے، رائیڈر کی غفلت اور تیز رفتاری کے سبب حادثہ ہوا مدعا علیہان کے خلاف شکایت پر فیصلہ سنایا جائے۔

عدالت نے بائیکیا کے مالک کے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔