کراچی؛ باپ بیٹے کو اغوا اور لوٹ مار کے بعد زخمی کرکے پھینک دیا گیا

اسٹاف رپورٹر  پير 14 اکتوبر 2024
ملزمان نے شاہ فیصل کالونی کے پل سے اغوا کیا، اکاؤنٹ کی تفصیلات پوچھ کر شہر میں گھماتے رہے (فوٹو: فائل)

ملزمان نے شاہ فیصل کالونی کے پل سے اغوا کیا، اکاؤنٹ کی تفصیلات پوچھ کر شہر میں گھماتے رہے (فوٹو: فائل)

کراچی میں اغوا کی انوکھی واردات نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا ، جس میں مسلح ملزمان نے شاہ فیصل کالونی سے باپ بیٹے کو اغوا کیا اور لوٹ مار کے بعد زخمی کرکے سڑک پر پھینک دیا۔

شاہ لطیف تھانے کی حدود رزاق آباد دھنی پرتو گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی حالت میں ملا، جس کی شناخت 27 سالہ مصامیر کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق زخمی شخص اور اس کے والد کو شاہ فیصل کالونی پل سے نامعلوم ملزمان نے اغوا کیا تھا۔

زخمی شہری نے پولیس کو بیان دیا کہ ملزمان پولیس نمبر پلیٹ کی سفید کار میں سوار تھے۔ ملزمان نے خود کو سی ٹی ڈی اہل کار ظاہر کیا۔ اغواکار باپ بیٹے سے ان کے اکاؤنٹ کی تفصیلات پوچھتے رہے اور سڑکوں پر گھماتے رہے۔ اغواکاروں نے زخمی کے والد کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد لانڈھی مرتضیٰ چورنگی پر پھینک دیا جب کہ ملزمان رزاق آباد کے قریب مصامیر کو گاڑی سے اتار کر اس پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔

ایس ایچ او شاہ لطیف کا کہنا ہے کہ مبینہ اغوا کاروں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے ۔ زخمی شہری کے بازو اور ٹانگ میں گولیوں لگیں، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور تلاش کا عمل جاری ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔