انٹراپارٹی انتخابات: الیکشن کمیشن کی دیگر فریقین کو درخواستیں پی ٹی آئی کو دینے کی ہدایت

ویب ڈیسک  منگل 22 اکتوبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیس کی سماعت کرتے ہوئے دیگر درخواست گزاروں کو درخواستوں کی نقول پی ٹی آئی کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشنز کیس کی سماعت ہوئی جس کہ ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اکبر ایس بابر اورنوید انجم کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

ممبر کے پی نے اکبر ایس بابر سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے بھی انٹرا پارٹی الیکشن کروایا ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروایا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو فائنل آرڈر کرنے سے روکا ہے۔

ممبر کے پی نے کہا کہ ہمارے پاس یہ اختیار نہیں کہ ہم آپ کو دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا کہیں، کمیشن نے دیگر درخواست گزاروں کو درخواستوں کی نقول پی ٹی آئی کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف پانچ درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب پانچ سال تک دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کی ہدایت نہیں کرسکتا۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم ان جھوٹی کہانیوں کا جواب دے دیں گے۔ ممبر کے پی اور بیرسٹر گوہر کے درمیان پشتو میں مکالمہ ہوا اس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ ہمیں بھی سمجھا دیں کیا بات ہوئی ہے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو درخواست گزاروں کی درخواستوں پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ وکیل نوید انجم نے کہا کہ ہمارا کیس کاغذات نامزدگی جمع ہونے سے متعلق ہے۔

کمیشن نے کہا کہ ہم اگلی سماعت پر پہلے آپ کی گزارشات سن لیں گے۔ بعدازاں کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔