حلوے کے ڈبوں میں 10 کلو آئس اور ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

اسٹاف رپورٹر  بدھ 2 اکتوبر 2024
فوٹو: ایکسپریس

فوٹو: ایکسپریس

  کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس  نے  کارروائی کےدوران حبشی حلوے کی آڑ میں برطانیہ،سری لنکا،ہانگ کانگ اورنیوزی لینڈ بھیجے جانے والے کنسائنمنٹس کے ذریعے 7کلوگرام سے زائد آئس اورساڑھے تین کلوگرام ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ 

ترجمان اے این ایف کےمطابق خفیہ اطلاع پرکراچی میں ایک کوریئرآفس میں کارروائی کے دوران انٹرنیشنل کنسائنمنٹ کے ذریعے بھاری مقدارمیں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی، کارروائی کےدوران 4مختلف ممالک کے لیے مٹھائی کے ٹنوں میں مہارت سے چھپائی گئی ہیروئن اورآئس برآمد کی گئی۔

برطانیہ،سری لنکا،ہانگ کانگ اورنیوزی لینڈ بھیجی جانے والی منشیات حبشی حلوے کے درجنوں ٹنوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق یو کے (برمنگھم) بھیجے جانے والے 40 میں سے 6 ٹِنوں میں چھپائی گئی 2.1 کلو ہیروئن، سری لنکا (کولمبو) بھیجے جانے والے 40 میں سے 4 مٹھائی کے  ٹِنوں میں سے 1.4 کلو ہیروئن، جبکہ ہانگ کانگ بھیجے جانے والے 40 میں سے 10 مٹھائی کے ٹِنوں میں سے 3.6 کلو آئس اور چوتھی کنسائنمٹ نیوزی لینڈ کے لیے بُک کی گئی جسمیں سے 40 مٹھائی کے ٹِنوں میں سے  3.6 کلو آئس برآمد کی گئی۔

برآمد شدہ منشیات میں 7.2کلوگرام آئس اور  3.5کلوگرام ہیروئن شامل ہے جس کی مالیت 9.55ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس نے تفتیش کے دوران ایک بڑے اورمنظم منشیات نیٹ ورک کا بھی انکشاف کیا ہے،دیگرملزمان کی گرفتاری کے لیےآپریشن جاری ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔