فلمسٹار ریکھا 70 برس کی ہوگئیں

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اکتوبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کی بہترین اور ورسٹائل اداکارہ ریکھا آج 70 برس کی ہوگئیں۔

بالی ووڈ اداکارہ ریکھا 10 اکتوبر 1954 کو بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنائے میں پیدا ہوئیں۔ ان کا پورا نام بھانو ریکھا گنیسان ہے۔ ریکھا نے 1966 میں چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے فلم ’’رنگولا رتنم‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔

ریکھا نے اپنے مسلسل فعال فلمی کیریئر میں 180 سے زائد فلموں میں اداکاری کی اور کئی یادگار کرداروں سے شائقین فلم کے دلوں پر راج کیا۔

ریکھا نے کئی انٹرویوز میں یہ بات دہرائی کہ وہ اداکاری میں دلچسپی نہیں رکھتی تھیں لیکن ان کی والدہ پشپاولی، جو کہ خود بھی اداکارہ ہیں، انھوں نے سختی کرکے انھیں اداکارہ بنایا۔ تقریباً دس سال انڈسٹری میں کام کرنے کے بعد انھوں نے اداکاری کو سنجیدگی سے لینا شروع کیا تھا۔

ریکھا کی ہیروئین کے طور پر پہلی فلم کناڈا فلم انڈسٹری کی گوا ڈالی ڈی آئی ڈی 999 تھی، جو کہ 1969 میں ریلیز ہوئی، جبکہ بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں پہلی فلم ’’ساون بھادوں‘‘ تھی۔

فلموں کے علاوہ ریکھا اپنی ذاتی زندگی اور رومانوی رشتوں کی وجہ سے بھی خبروں میں رہی۔

بالی ووڈ فلم نگری کےلیے بے مثال خدمات انجام دینے والی ریکھا نے ’امراؤ جان‘، خون بھری مانگ، کھلاڑیوں کا کھلاڑی، گھر، مقدر کا سکندر، جدائی، جیون دھارا، سلسلہ، مجھے انصاف چاہیے، پھول بنے انگارے اور لجا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت لاتعداد ایوارڈز اپنے نام کیے۔

2010 میں ریکھا کو بھارت کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔