ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی

ملتان سلطان کی جانب سے سہیل تنویر نے 3 اور محمد عرفان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔


ویب ڈیسک March 06, 2018
صہیب مقصود نے 42 گیندوں پر 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان سپر لیگ تھری میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 19 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ تھری کے میچ میں ملتان سلطان نے صہیب مقصود کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے جس کے جوب میں پشاور زلمی مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور اینڈرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے ہی اوور میں فیچر نے محمد عرفان کو پی ایس ایل تھری کا سب سے بلند چھکا رسید کیا لیکن اگلے ہی اوور میں سہیل تنویر نے انہیں 11 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔



کامران اکمل اور ڈیوان اسمتھ بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے، کامران اکمل 9 رنز بناکر محمد عرفان کا شکار بنے جب کہ اسمتھ 18 رنز بنانے کے بعد پولارڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔



کپتان محمد حفیظ نے رکی ویسل کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس دوران ویسل محمد عرفان کی گیند پر کٹ شارٹ کھیلتے ہوئے احمد شہزاد کو کیچ دے بیٹھے، وہ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد لیام ڈیسن نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔



پشاور زلمی کو 2 اوورز میں 32 رنز درکار تھے لیام سہیل تنویر کو چھکا مارنے کے چکر میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے جب کہ اگلی ہی گیند پر حماد اعظم بھی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ دوسری جانب محمد حفیظ تمام تر کوششوں کے باوجود ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے اور ایک گیند قبل 56 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ملتان کی جانب سے کمارا سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 51 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، اس دوران سنگاکارا نے شاندار چھکے بھی لگائے وہ 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔



احمد شہزاد اور صہیب مقصود نے دوسری وکٹ کے لیے 56 رنز کی عمدہ شراکت داری قائم کی جس میں صہیب مقصود بلندوبانگ چھکے بھی شامل تھے جب کہ احمد شہزاد بھی انہیں بھرپور سپورٹ کرتے رہے مگر وہ 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شعیب ملک بیٹنگ کے لیے لیکن ان کی اننگز صرف 13 رنز تک ہی محدود رہی۔



صہیب مقصود آج جارحانہ موڈ میں دکھائی دیے، انہیں گیند کو بار بار باؤنڈری لائن پار کروانے سے پشاور زلمی کا کوئی بھی بولر روک نہیں پایا بلکہ انہوں نے ہر ایک کی خوب درگت بنائی اور 42 گیندوں پر 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل تھے۔ صہیب مقصود نے پی ایس ایل تھری میں کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ اسکور بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔



ملتان سلطان 9 پوائنٹس کے ساتھ پی ایس ایل تھری کے پوائںٹس ٹیبل پر سرفہرست آگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں