زخمیوں کے فوری علاج کا بل سندھ اسمبلی میں پیش

نجی اسپتال میں زخمی کے ہنگامی علاج کے اخراجات حکومت ادا کرے گی


ویب ڈیسک January 24, 2019
، مجوزہ قانون میں خلاف ورزی پر 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی تجویز کی گئی ہے، فوٹو: فائل

KARACHI: سندھ حکومت نے زخمیوں کے فوری علاج کا قانون سندھ اسمبلی میں پیش کردیا ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مجوزہ قانون کے مسودے کے تحت تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کے لیے زخمی کا فوری علاج لازم ہوگا اور کوئی بھی نجی یا سرکاری اسپتال زخمی کے علاج سے انکارنہیں کرسکے گا۔

مسودے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسپتال میں زخمی کے ہنگامی علاج کے اخراجات حکومت ادا کرے گی اور دوران علاج کسی بھی زخمی کو حراست میں نہیں لیا جائے گا اور نہ ہی پولیس یا قانون نافذ کرنے والےادارے زخمی سے تفتیش کرسکیں گے، مجوزہ قانون میں خلاف ورزی پر 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی تجویز کی گئی ہے.

بل کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نےایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون کےتحت ہرزخمی کو علاج دینا لازمی ہوگا اب کوئی اسپتال کسی بھی زخمی کےعلاج سے انکارنہیں کرےگا اور اس قانون سازی سے زخمیوں کا لازمی علاج ممکن ہوگا جب کہ ہرزخمی کے علاج کےاخراجات حکومت دے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے امل عمر کےوالدین سے وعدہ کیاتھا کہ قانون سازی کریں گے ،امل عمر کو جب ڈیفینس میں گولی لگی تو اسپتال نے بچی کےعلاج سے انکارکیا تھا او ر ایمبولینس تک نہیں دی گئی تھی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ پولیس اہلکاروں سے بھاری اسلحہ لیاجائےگا اور اب تک پولیس اہلکاروں سے70فیصد بھاری اسلحہ واپس لیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں