جنوبی افریقا نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

بابر اعظم کے 90 اور حسین طلعت کے 55 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آئے


ویب ڈیسک February 03, 2019
قومی ٹیم میں فہیم اشرف کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیاتھا، فوٹو: فائل

جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز 0-2 سے جیت لی۔

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز کے 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 181 رنز بنا سکی، بابر اعظم کے 90 اور حسین طلعت کے 55 رنز بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے۔

اوپنر بابر اعظم اور فخر زمان نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 41 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا، فخر زمان 9 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ بابر اعظم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور 58 گیندوں پر 90 رنز بنائے، جس میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے، حسین طلعت نے 55 رنز کی باری کھیلی جو بے سود ثابت ہوئی۔

کپتان شعیب ملک اور عماد وسیم نے 6،6 اور آصف علی نے 2 اور حسن علی نے ایک رن بنایا جب کہ محمد رضوان ایک بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے پھلکوایو سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مورس اور ہینڈرکس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستانی کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیتا اور پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، پروٹیز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 188 رنز بنائے، کپتان ڈیوڈ ملر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 29 گیندوں پر 65 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 بلند و بالا چھکے اور چار دلکش چوکے شامل تھے جب کہ وینڈرڈوسن نے 45 اور ملان نے 33 رنز بنائے، ہینڈرکس نے 28 اور کلاسن نے 5 رنز کی باری کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، عثمان شنواری سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز کے کوٹے میں 63 رنز دیے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں