نیب کی گرفتاری سے بچنے کیلیے حمزہ شہباز آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے

مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد میں آم کے پیش نظر سیکیورٹی انتہائی سخت رکھنے کا فیصلہ


کورٹ رپورٹر April 08, 2019
مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد میں آم کے پیش نظر سیکیورٹی انتہائی سخت رکھنے کا فیصلہ (فوٹو : فائل)

پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز منی لانڈرنگ اور آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے آج لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، اس موقع پر سیکیورٹی سخت رکھی جائے گی جب کہ ن لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد میں آمد متوقع ہے۔

ایکسپریس کے مطابق حمزہ شہباز آمدنی سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر نیب کے ہاتھوں گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوں گے۔

بینچ کی سربراہی جسٹس شہزاد احمد خان کریں گے جبکہ بینچ کے دوسرے رکن جسٹس وقاص رؤف ہوں گے۔ لاہور ہائی کورٹ کا ڈویژن بینچ دن 11 بجے کیس کی سماعت کرے گا اس سلسلے میں باقاعدہ کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔

حمزہ شہباز کو نیب کی جانب سے جمعہ اور ہفتہ کے روز 24 گھنٹوں میں دوبار گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تھی اس دوران ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ 96 ایچ کا محاصرہ بھی کیا گیا تھا لیکن نیب کی ٹیم کو دونوں بار خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تھا۔

ہفتہ کو حمزہ شہباز کے وکلا نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے خصوصی درخواست کرکے عبوری ریلیف حاصل کیا تھا جس کے تحت چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے نیب کی ٹیم کو آج سوموار 8 اپریل تک حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔

وکلا نے موقف اختیار کیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق نیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری سے دس روز قبل انہیں آگاہ کرنا ضروری ہے لیکن نیب کی ٹیم لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کی لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار بھی لاہور ہائی کورٹ کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے ساتھ ہی رینجرز کے دستے بھی امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے طلب کیے جاسکتے ہیں۔

اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے جن کا داخلہ روکنے کے لیے ہائی کورٹ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔