نوازشریف کو ریلی کی صورت میں جیل لے جانے کا فیصلہ

جاتی امرا سے بڑی ریلی کی صورت میں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے گا جس کے روٹ کا فیصلہ آج یا کل کر لیا جائے گا۔


ندیم چوہدری May 05, 2019
جاتی امرا سے بڑی ریلی کی صورت میں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے گا جس کے روٹ کا فیصلہ آج یا کل کر لیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی نئی قیادت نے نواز شریف کی ضمانت کی مدت ختم ہونے پر 7 مئی کی رات جاتی امرا سے کوٹ لکھپت جیل منتقلی کے موقع پر سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نے ن لیگ کے پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی کا پتہ لگا لیا، پارٹی کی نئی تنظیم سازی کے بعد ماڈل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پارٹی کا اجلاس ہوا، پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران نواز شریف کی سات مئی کی رات جیل منتقلی کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

کچھ اراکین کی رائے تھی کہ نواز شریف نے ریلی وغیرہ کی صورت میں جانے سے منع کیا ہے اس لیے نواز شریف کی ہدایت اور رمضان کی وجہ سے کارکنوں کو جاتی امرا آنے سے منع کر دیا جائے جبکہ زیادہ تر رہنماؤں کی رائے تھی کہ پارٹی کارکنوں کو متحرک اور فعال رکھنے کیلیے نواز شریف کی جیل منتقلی کے موقع پر سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جائے۔

بعدازاں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ سات مئی کو نماز تراویح کے بعد نواز شریف رات 12 بجے سے پہلے پہلے از خود جیل منتقل ہوں گے اور رات 8 بجے انھیں ان کی رہائش گاہ جاتی امرا سے بڑی ریلی کی صورت میں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے گا جس کے روٹ کا فیصلہ آج یا کل کر لیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔