گوگل کا ڈاکٹر رُتھ فاؤ کو خراجِ عقیدت

گوگل نے انسانی خدمت کی عظیم مثال ڈاکٹر رُتھ فاؤ کی 90 ویں سالگرہ پران کی خدمات کا اعتراف کیا ہے


ویب ڈیسک September 09, 2019
گوگل نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی سالگرہ پر ان کی عظیم خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ گوگل

QUETTA: گُوگل نے پاکستان کو اپنا گھر بنانے والی عظیم مسیحا خاتون ڈاکٹر رُتھ کیتھرینا مارتھا فاؤ کی 90 ویں سالگرہ پر انہیں گوگل ڈوڈل کے ذریعے خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

9 ستمبر 1929ء کو جرمن شہر لائپزگ میں پیدا ہونے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ 31 برس کی عمر میں پاکستان آگئی تھیں اور یہاں جزام اور کوڑھ کے مریضوں کا علاج شروع کردیا تھا۔ جزام کے خلاف 55 سالہ جنگ میں ڈاکٹر رتھ نے پورے پاکستان میں 157 شفا خانے کھولے جہاں اب تک لاکھوں افراد کا علاج کیا جاچکا ہے۔

ڈاکٹر فاؤ نے کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ کے پاس اپنا پہلا کلینک 1960ء کے عشرے میں قائم کیا جس کا نام میری ایڈیلڈ لیپروسی سینٹر رکھا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے پورے پاکستان میں کلینک تعمیر کیے اور مناسب عملہ تعینات کرکے لوگوں کے علاج کا سلسلہ شروع کیا۔ اس کے بعد انہی مراکز میں جزام سے اندھے پن اور ٹی بی کا علاج بھی شروع کیا گیا جو اب تک جاری ہے۔

اپنی پوری زندگی ڈاکٹر رتھ فاؤ کئی ملکی اور بین الاقوامی عہدوں پر فائز رہیں اور انہیں پاکستان، جرمنی اور دیگر ممالک سے کئی اہم ایوارڈ اور اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

10 اگست 2017ء کی صبح ڈاکٹر رتھ فاؤ اس جہانِ فانی سے کوچ کرگئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں