لاہور:
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 نوجوان شہید ہوگئے جس کے بعد محض دو دنوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے شرپسندوں کی گرفتاری کے نام پر نام نہاد آپریشن کیا گیا جس کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔
قابض بھارتی فوج نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ بزرگوں تک کو تشدد کا بنایا اور بچوں کو ہراساں کیا۔ اسی دوران گولیاں مار کر دو نوجوانوں کو شہید کردیا گیا اور روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قتل عمد کو مقابلہ ظاہر کرنے کی ناکام کی کو شش کی تاہم علاقہ مکینوں نے بھانڈہ پھوڑ دیا۔
یہ خبر پڑھیں :قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 4 کشمیری شہید
بے گناہ، نہتے اور معصوم نوجوانوں کی شہادت پر اہل خانہ اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل آئے اور شاہراہ بلاک کرکے احتجاج کیا جس کے دوران بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ضلع شوپیاں میں بھی قابض بھارتی فوج نے 4 کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل کیا تھا جس کے بعد محض دو دنوں میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔