سندھ کے اسپتالوں میں اندھیرے اور گندگی کی حکمرانی ہے شہباز گل

پیپلزپارٹی کی حکومت صرف بیانات تک محدود ہے اور وفاق پر الزامات کو کارکردگی سمجھتی ہے، معاون خصوصی


ویب ڈیسک June 21, 2020
شہباز گل نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے چیلنج کا جواب

ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت صرف پریس کانفرنس اور بیانات تک محدود ہے اور وفاق پر الزامات کو کارکردگی سمجھتی ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وزیراعظم کو چیلنج کیا تھا کہ سندھ کے اسپتال ملک میں بہترین ہیں جس پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے چیلنج کا جواب دیتے ہوئے جیک آباد ڈسٹرکٹ ہسپتال کی حالت زار منظر عام پر لے آئے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے جیک آباد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی آنکھوں سے دیکھ آیا کہ سندھ کے اسپتالوں سے بہتر تو بلوچستان کے اسپتال ہیں، بلاول میاں، جیکب آباد ڈسٹرکٹ کا سب سے بڑا اسپتال کھنڈر کا منظر پیش کر رہا ہے، یہاں کورونا تو دور کسی عام مرض کا علاج بھی ممکن نہیں ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ بلاول زرداری کے دعوؤں کے برعکس یہاں انسانوں سے جانوروں جیسا سلوک روا ہے، عوام گدھا گاڑی میں مریض کو اسپتال لارہے ہیں جہاں گندگی کے ڈھیر ان کا منہ چڑھا رہے ہیں، خطرہ ہے کارڈیالوجی سینٹر کی چھت کسی لمحے سر پر آن گرے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ زمینی حقائق یہ ہیں کہ پیپلزپارٹی کی کرپشن اور بے حسی نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے، اسپتال کے وارڈز میں اندھیرے اور گندگی کی حکمرانی ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت صرف پریس کانفرنس اور بیانات تک محدود ہے اور وفاق پر الزامات کو کارکردگی سمجھتی ہے جب کہ وفاقی حکومت پاکستان بھر میں مالی امداد، وینٹیلیٹرز اور ضروری سامان فراہم کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں