کورونا سے لوگ مر رہے ہیں اور وزیراعظم روز نیا عذر تراش رہے ہیں شہباز شریف

وقت ضائع کرنے اور بے عملی کا نتیجہ شہریوں کی اموات کی صورت نکل رہا ہے، شہبازشریف


ویب ڈیسک June 23, 2020
وقت ضائع کرنے اور بے عملی کا نتیجہ شہریوں کی اموات کی صورت نکل رہا ہے، شہبازشریف۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ کورونا سے اموات اور مریضوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ جاری ہے جب کہ وزیراعظم ہر روز ایک نیا عذر تراش رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے کورونا کے حوالے سے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا کنفیوژن پر مبنی بیان ان کے مسلسل حالت انکار میں ہونے کا ثبوت ہے، وزراء ملک میں کورونا سے اموات اور مریضوں کی بڑھتی تعداد کے اعلان کررہے ہیں، جب کہ عمران خان اس کے برعکس بیانات دے رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی سطح پر یہی وہ کنفیوژن ہے جس کی قیمت عوام اپنی جان سے ادا کررہے ہیں، ہم نے اس کنیوژن، افراتفری کی بارہا نشاندہی کی، کورونا کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کا تقاضا کیا، کورونا سے اموات اور مریضوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ جاری ہے جب کہ وزیراعظم ہر روز ایک نیا عذر تراش رہے ہیں، عذرتراشنے، حالت انکار میں رہنے اور قوم کی جان بچانے کے لئے صوبوں کے خلاف بولنا مسئلہ کا حل نہیں، وقت ضائع کرنے اور بے عملی کا نتیجہ شہریوں کی اموات کی صورت نکل رہا ہے، یہ وقت عذر اور بہانے تراشنے کا نہیں بلکہ قوم کی مدد کرنے کا ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیراعظم کو این سی او سی کے اجلاس میں بلاکر بریفنگ دی جائے، وفاق اور صوبے مل کر مشترک حکمت عملی اپنائیں، جون کے آخر اور جولائی میں کورونا کے بلند ترین سطح پر ہونے کی اطلاعات کو سنجیدہ لیا جائے، مشترکہ مفادات اور این سی او سی اجلاس میں ٹھوس فیصلے کئے جائی، حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہنگامی منصوبہ بندی کی جائے، آکسیجن سلینڈرز، وینٹی لیٹرز اور کورونا کے علاج کی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔